حنیف محمد کوکوشل میں مرلی کی جھلک نظرآنے لگی

ہمارے بولرز بھی وکٹ سے فائدہ اٹھا کر سری لنکا کو 250 رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، حنیف محمد


Sports Reporter June 26, 2015
ہمارے بولرز بھی وکٹ سے فائدہ اٹھا کر سری لنکا کو 250 رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، حنیف محمد فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمدکوسری لنکن اسپنر تھاریندو کوشل میں مرلی دھرن کی جھلک نظرآنے لگی۔

انھوں نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جلد آؤٹ ہونے پر پاکستانی بیٹسمینوں کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا،5 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر کوشل نے عمدہ بولنگ کی،البتہ اس کی بعض گیندیں مشکوک بھی لگیں، پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے ابتدائی کھلاڑی جلد آؤٹ ہوئے مگر بعد میں میزبان بولر نے ٹرننگ وکٹ کا بھرپور ایڈوانٹیج لیا، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی پاکستانی حکمت عملی ناکام رہی، ہمارے بولرز بھی وکٹ سے فائدہ اٹھا کر سری لنکا کو 250 رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

بہرحال پہلا دن میزبان ٹیم کے نام رہا۔ دریں اثنا سابق چیف سلیکٹر و سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کو اسی طرز میں کھیلیں، اسے ٹی ٹوئنٹی کے انداز میں کھیلنا درست نھیں، کھلاڑیوں کو موقع کی مناسبت سے اسٹروکس کھیلنا ضروری ہے، غیر ضروری شاٹس کے سبب نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ جیسی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے فرق کو سمجھنا ہوگا، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا موقع گنوانے سے بہت سبکی ہوگی، پی سی بی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرے۔