ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹسمینوں کا امتحان آ گیا حنیف محمد

مشکل حالات میں کم از کم ایک بڑی اننگز ٹیم کو مشکل سے نکال سکتی ہے، حنیف محمد


Sports Reporter June 27, 2015
مشکل حالات میں کم از کم ایک بڑی اننگز ٹیم کو مشکل سے نکال سکتی ہے، حنیف محمد فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹسمینوں کا امتحان آ گیا، روایتی غیر ذمہ داری اپنائی تو خمیازہ بھی بھگتنا پڑ سکتا ہے، ایک بڑی اننگز سے میچ کا پانسہ مہمان ٹیم کے حق میں پلٹ جائے گا۔

کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل ختم ہونے کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف محمد نے کہا کہ سری لنکا نے166رنزکی سبقت کے ساتھ اپنی پوزیشن بہتر کرلی، اگر یاسر شاہ میزبان کپتان کا کیچ ڈراپ نہ کرتے تو سری لنکن ٹیم250 رنز پر آئوٹ ہوسکتی تھی، تاہم اسپنر نے بعد میں اس کا ازالہ کرکے 5 وکٹیں اپنے نام کرلیں۔

انھوں نے کہا کہ رائونڈ دی وکٹ بولنگ کی صورت میں یاسر کو اور زیادہ وکٹیں ملتیں، اظہر علی کو آزمانا بھی سودمند رہتا، حنیف محمد نے کہا کہ وہاب ریاض کا ان فٹ ہونا پاکستان کے لیے نفسیاتی دھچکا رہا، نئے آنے والے بیٹسمین کے خلاف دبائو کی حامل فیلڈنگ سیٹ نہ کرنے پر مجھے حیرت ہوئی،ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ اسپنرز کے لیے سازگار پچ پر پاکستانی بیٹسمینوں کو محتاط انداز میں سنبھل کر کھیلتے ہوئے وکٹیں بچانی ہونگی، مشکل حالات میں کم از کم ایک بڑی اننگز ٹیم کو مشکل سے نکال سکتی ہے۔