عوام کولوٹنے کیلیے جعلسازسرگرماسٹیٹ بینک نے الارم بجادیا

نوسربازجعلی اسکیموں کے ذریعے نقدانعامات جیتنے کی جھوٹی خوشخبری دے کرلوٹتے ہیں


Business Reporter October 16, 2012
کارپوریٹس، فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کے نام اور جعلی ای میل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام الناس کو نوسربازوں سے ہوشیار رہنے کا انتباہ جاری کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض غیرذمے دار عناصر کی جانب سے شروع کی ہوئی جعلی سرگرمیوں اوراسکیموں سے گمراہ نہ ہوں جن میں غیرملکی کرنسی میں بھاری نقد انعامات جیتنے کی جھوٹی خوشخبری دی جارہی ہے، اسٹیٹ بینک کے علم میں یہ اطلاع آئی ہے کہ ٹیلیفون کالز،ویب میل سروسز، ایس ایم ایس اور ڈاک کے ذریعے سے عام افراد سے رابطہ کرکے یہ جھوٹا دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے غیر ملکی کرنسی میں بھاری نقد انعامات جیت لیے ہیں۔

دھوکہ باز گروہ متوقع انعامی رقم کے وصول کنندگان کی طرف سے ریمیٹنس سہولت مہیا کرنے کیلیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کے جعلی درخواست فارم فراہم کرتے ہیں، جن لوگوں کو ہدف بنایا جاتا ہے ان سے کچھ ابتدائی کلیئرنس واجبات بھی ادا کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے جو بقول ان کے فنڈ رجسٹریشن چارجز فیس کی مد میں وزارت خزانہ میں جمع کرانے ہوتے ہیں، یہ لوگ خود کو اصلی ثابت کرنے کیلیے دھوکہ دہی سے غیرملکی سفارتخانوں، سفارتکاروں، کارپوریٹس، اسٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کے نام اور جعلی ای میل پتے استعمال کررہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے نہ تو ایسا کوئی درخواست فارم تیار کیا ہے اور نہ ہی اس کا اس قسم کی اسکیموں سے کوئی تعلق ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ایک بار پھر عوام کو ہدایت کی ہے کہ محتاط رہیں اور جعلی اسکیموں پر کوئی توجہ نہ دیں، مذکورہ جعلی اسکیموں کے ضمن میں مزید وضاحت درکار ہو تو ایکسچینج پالیسی ڈپارٹمنٹ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی سے فون نمبر 021-99212459 اور فیکس نمبر 021-99212527 پر رجوع کیا جاسکتا ہے۔