’’برگر بوائے‘‘شان مسعود نے سفارشی کا لیبل اتار پھینکا

رکن پی سی بی گورننگ بورڈکا بیٹا ہونے کے سبب ٹیم میں موجودگی پراعتراض ہوا


Sports Reporter July 11, 2015
منہ میں سونے کا چمچہ لے کر ضرور پیدا ہوا مگردوسروں سے زیادہ محنت کی،اوپنر ۔ فوٹو : فائل

شان مسعود نے فتح گر اننگز سے سفارشی کا لیبل اتار پھینکا، اوپنر کا کہنا ہے کہ منہ میں سونے کا چمچہ لے کر ضرور پیدا ہوا مگر اپنی جگہ بنانے کیلیے دوسروں سے زیادہ محنت کی۔

مطابق شان مسعود کو ''برگر بوائے'' کا خطاب دیتے ہوئے ٹیم میں موجودگی کو سفارش کا نتیجہ قرار دیا جاتا رہا ہے،ایک متمول خاندان کے چشم و چراغ اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے ایک رکن کا بیٹا ہونے کی وجہ سے انھیں ایک بوجھ خیال کیا جاتا تھا لیکن اوپنر نے پالے کیلی میں فتح گر سنچری سے سفارشی کا لیبل اتار دیا، اس دوران انھوں نے یونس خان کے ساتھ ریکارڈ شراکت سے میچ کا پانسہ پلٹا۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہونے کے باوجود کسی عام پاکستانی کرکٹر سے زیادہ محنت کرکے ہی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہوں، انڈر 13 سے19سطح تک کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ٹیموں کے ساتھ ٹرینز پر طویل سفر کرتا رہا،اس دوران معمولی یومیہ الاؤنس پر گزارا کرنا پڑتا تھا۔

انھوں نے کہا کہ میرے والد کرکٹ سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں، 14اکتوبر 1989کو میری پیدائش کے وقت بھی وہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ دیکھ رہے تھے، اس یادگار مقابلے میں وسیم اکرم نے ہیٹ ٹرک کی تھی، اگر والد سفارش پر یقین رکھتے اور اتنے ہی بااثر ہوتے جتنا انھیں ظاہر کیا جاتا ہے تو آج میں تمام فارمیٹ کی کرکٹ میں قومی ٹیم کا حصہ ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے ٹائٹل دیے جانے پر کبھی الجھن محسوس نہیں کی۔

البتہ میری کرکٹ میں فیملی کی دلچسپی اور میچز کے دوران ان کی موجودگی کے بارے میں سوالات پسند نہیں ہیں۔ شان مسعود نے کہا کہ پالے کیلی ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے کہا تھا کہ اسکور بورڈ کے بجائے اپنی بیٹنگ پر توجہ رکھنی ہے،اسی فارمولے پر عمل کرتے ہوئے کامیاب رہا۔