بورڈ نے نئے فاسٹ بولرز کی تلاش کا بیڑا اٹھا لیا

135 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرنے والے نوجوان کھلاڑی وسیم اکرم سے تربیت حاصل کریں گے


Sports Reporter July 16, 2015
135 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرنے والے نوجوان کھلاڑی وسیم اکرم سے تربیت حاصل کریں گے فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے فاسٹ بولرزکی تلاش کا بیڑا اٹھا لیا،23 جولائی سے5 بڑے شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا،135کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیندیں کرنے والے منتخب ہوں گے،انھیں ماضی کے عظیم پیسر وسیم اکرم کراچی میں تربیت دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اسے انقلابی اسکیم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ نوجوان پیسرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے ، وسیم اکرم نے کہا کہ اسپیڈ اسٹار پروگرام کا حصہ بنانے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، اس کے ذریعے اپنے وطن کوکچھ لوٹانے کا موقع ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کے وسیم، وقار یونس اور شعیب اختر کی تلاش کیلیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس کا عنوان ہے ''اگر دم ہے اور فاسٹ بولنگ کی دنیا میں نام کمانا چاہتے ہیں تو تیار ہوجائیں'' معیار پر اترنے والے نوجوان پیسرز وسیم اکرم سے بولنگ کا فن سیکھ کر ملکی نمائندگی کے قابل بن جائیں گے۔ گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر جنرل منیجر علی ضیا نے ہیڈکوچ این سی اے محمد اکرم و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کرکٹ کے نئے ستارے ڈھونڈنے کیلیے 23جولائی سے پی سی بی سپر اسپیڈ اسٹار پروگرام شروع کر رہا ہے جہاں رفتار کے بادشاہ کو تلاش کیا جائے گا، سپر اسپیڈ اسٹار کی تلاش 27جولائی کومیرپور، 29کوملتان، 30کو سکھر اور کوئٹہ میں ہوگی، فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والے کھلاڑی 2 ہفتے وسیم اکرم کی رہنمائی میں گزاریں گے۔

سب سے زیادہ اسپیڈ کا حامل باصلاحیت فاسٹ بولر 3 لاکھ روپے کا نقد انعام جیتے گا۔ ٹرائلز کی نگرانی این سی اے بولنگ ہیڈ محمد اکرم کے ساتھ سلیکٹرز سلیم جعفر اور کبیر خان کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 6 فٹ قد کے حامل اور 135کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکنے والوں کو کیمپ کے لیے ترجیح دی جائے گی۔

اس موقع پر محمد اکرم نے کہا کہ اگلے سال انڈر 19 ورلڈ کپ ہے، ٹیلنٹ ہنٹ سے میگا ایونٹ کے لیے بھی باصلاحیت بولرز تلاش کرنے کا موقع ملے گا، ماضی میں بھی اس طرح کے پروگرامز سے قومی اور جونیئر ٹیموں کو بہت فائدہ ہوا، محمد عرفان، وہاب ریاض، راحت علی اور جنید خان سمیت متعدد پیسرز انھیں پروگرامز سے آگے آئے اور اپنی کارکردگی سے عالمی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میری وسیم اکرم سے بھی بات ہوئی، وہ اس پروگرام کے لیے خاصے پُرجوش دکھائی دیتے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کرنے میں خوشی محسوس کررہے ہیں۔

ایک سوال پر محمد اکرم نے کہا کہ گذشتہ ٹیلنٹ ہنٹ کے تیز ترین بولر احمد جمال پر نظریں ہیں، جب وہ آیا تو زیادہ میچور نہ تھا لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد کھیل میں مزید نکھار آیا ہے، اسے بھی وسیم اکرم کے ساتھ کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔ادھر چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے اسپیڈ اسٹارکو انقلابی پروگرام قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ نوجوان پیسرز کیلیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔

وسیم اکرم اس کیلیے خاصے پُرجوش اور ہمیں خوشی ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔وسیم اکرم نے کہاکہ میں پی سی بی کا مشکور ہوں کہ انھوں نے نوجوان فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے مجھے اس پروگرام کا حصہ بنایا، سابق کپتان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج اس ملک کی بدولت اس مقام تک پہنچا،اس پروگرام سے مجھے اپنے وطن کو کچھ لوٹانے کا موقع ملے گا۔