ٹی 20 سیریز میں بھی عمر اکمل کیلئے اسکواڈ کا دروازہ نہیں کھلے گا

عید کے بعد وہاب ریاض کا فٹنس ٹیسٹ،خوش قسمت پلیئرز کا اعلان بدھ کو متوقع


Sports Reporter July 17, 2015
عید کے بعد وہاب ریاض کا فٹنس ٹیسٹ،خوش قسمت پلیئرز کا اعلان بدھ کو متوقع فوٹو: فائل

سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان چوتھے ون ڈے کے بعد بدھ کو متوقع ہے، وہاب ریاض کی شمولیت کا فیصلہ عید کے بعد فٹنس کا حتمی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا تاہم عمر اکمل کیلیے اسکواڈ کا دروازہ نہیں کھلے گا،بلال آصف کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان و سری لنکا کے مابین 2ٹی ٹوئنٹی میچز30جولائی اور یکم اگست کو کھیلے جائیں گے، سلیکٹرز نے مختلف ناموں پر غور کرتے ہوئے سیریز کیلیے اسکواڈ کی ابتدائی فہرست مرتب کرلی، البتہ بعض فیصلوں کیلیے تھوڑا انتظار ناگزیر ہوچکا ہے، اس وجہ سے حتمی ٹیم کا اعلان آئی لینڈرز کیخلاف بدھ کو شیڈول چوتھے ون ڈے کے بعد کیا جائے گا، ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہونے والے وہاب ریاض کا فریکچر کافی حد تک ٹھیک ہوچکا لیکن بولنگ پریکٹس کی اجازت دینے سے قبل پی سی بی ڈاکٹرز عید کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں معائنہ کرینگے، ون ڈے سیریز میں کوئی ہنگامی صورتحال نہ ہوئی تو پیسر کو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں سے پہلے سری لنکا روانہ نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والے محمد سمیع کو مختصر فارمیٹ کیلیے بھی زیر غور نہیںلایا گیا، محمد عرفان کو شامل رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مینجمنٹ سے فٹنس کے بارے میں رائے طلب کی جائے گی، عمر اکمل کو بھی این سی اے رپورٹ نہ کرنے کی مزید سزا دی جا سکتی ہے، شعیب ملک اور محمد رضوان کی عمدہ فارم نے ان کی واپسی کے امکانات مزید مسدود کردیے،آل رائونڈر حماد اعظم کی چھٹی کراتے ہوئے بلال آصف کو موقع دیا جائے گا جو اس وقت ون ڈے اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں۔