شکستوں پر پی ایچ ایف کا دامن بچانے کی کوشش

تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں مصدق حسین نے ملبہ مینجمنٹ اورپلیئرزپر گرا دیا


Sports Reporter July 24, 2015
تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں مصدق حسین نے ملبہ مینجمنٹ اورپلیئرزپر گرا دیا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ہاکی لیگ میں شکستوں پر پی ایچ ایف کا دامن بچانے کی کوشش ہونے لگی، تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں سلیکٹر مصدق حسین نے ناقص کارکردگی کا ملبہ مینجمنٹ اور کھلاڑیوں پر گرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کیلیے بنائی گئی پی ایچ ایف کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں اولمپئن شاہد علی خان کی زیرسربراہی ہوا، اس موقع پر دیگر اراکین محمد اخلاق اور منصور احمد بھی موجود تھے، اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے رکن سید مصدق حسین، نائب کپتان شفقت رسول اور ڈاکٹر اسد عباس پیش ہوئے اور قومی ٹیم کی پے درپے شکستوں کے حوالے سے اپنے بیانات قلمبند کرائے ۔

بعدازاں شاہد علی خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کی تحقیقات جاری ہیں، اجلاس جمعے کو بھی ہوگا جس میں معاون کوچز دانش کلیم اور ویڈیو اینالسٹ ابوذر امراؤ بیانات قلمبند کرائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ کمیٹی کو اپنی تحقیقات مکمل کرنے کیلیے ہیڈ کوچ شہناز شیخ اور مستعفی چیف سلیکٹر اصلاح الدین کے بیانات بھی درکارہیں، وہ اگر اراکین کو جونیئر سمجھ کر کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہونا چاہتے تو ہم خود ان کے پاس جانے کیلیے تیار ہیں۔

بیان قلمبند کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مصدق حسین نے کہا کہ ورلڈ لیگ میں شکستوں کی ذمہ دار ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی ہیں، پی ایچ ایف کا کام پلیئرز کو سہولتیں فراہم کرنا ہے جبکہ گراؤنڈ میں بہتر کھیل پیش کرنا مینجمنٹ اور ٹیم کی ذمہ داری ہے۔