ٹیسٹ کرکٹ یونس کو اعلیٰ مقام نہ ملنے پروسیم اکرم مایوس

ڈی ویلیئرز،کوہلی، کلارک اور اسمتھ کی صف میں شامل کرنا چاہیے، سابق کپتان


Sports Reporter July 25, 2015
ڈی ویلیئرز،کوہلی، کلارک اور اسمتھ کی صف میں شامل کرنا چاہیے، سابق کپتان فوٹو: فائل

یونس خان کو دنیائے کرکٹ میں اعلیٰ مقام نہ ملنے پر سابق کپتان وسیم اکرم نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے تجربہ کار بیٹسمین کو اعلیٰ مہارت اور بہترین تکنیک کا حامل بہترین بیٹسمین قرار دیا۔ غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ یونس خان کو عالمی کرکٹ میں وہ اہمیت وشناخت نہیں مل سکی جو دینی چاہیے تھی۔

انھوں نے ٹیسٹ میں قدم رکھا تو وہ کسی بھی اچھے کرکٹر کی طرح بہترین صلاحیتوں سے مالا مال نظر آئے، اگر آپ موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ بیٹسمینوں کا ذکر کرتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز، ویرات کوہلی، مائیکل کلارک یا اسٹیون اسمتھ کا نام لیتے ہیں تو یونس خان بھی اس پائے کے کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے کے مستحق ہیں، ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت قائم کردہ شاندار ریکارڈز ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 30 سنچریاں، چوتھی اننگز میں سب سے بہتر بیٹنگ اوسط ان کا ہی کارنامہ ہے،یونس نے اس کے علاوہ بھی بے شمار بیٹنگ ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں، وسیم اکرم نے کہا کہ جب بھی پاکستان کرکٹ کا ذکر آئے تو وہ اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بدولت ایک حقیقی سفیر کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آتے ہیں، سابق کپتان نے کہا کہ بلاشبہ یونس خان ایک اچھا کرکٹر ہونے کے ساتھ بلند اخلاق اور مہذب و ایماندار انسان ہیں۔

وہ سخت اور جان توڑمحنت کرنے والے ایک ایسے کرکٹر ہیں جسے اپنے کھیل سے بے انتہا لگاؤ ہے، میدان میں بننے والے ریکارڈز بہترین کارکردگی کی غمازی کررہے ہیں، وسیم اکر م نے کہا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے میں مجھے یونس خان اور ان کی کارکردگی پر بے انتہا فخر ہے، میں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں سمجھتاکہ وہ پاکستان کے عظیم کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔