مصر کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک متعدد زخمی

فرنیچر کی فیکٹری میں آگ اُس وقت لگی جب گیس کا سلنڈر ایک دھماکے سے پھٹ گیا


ویب ڈیسک July 29, 2015
گزشتہ برس بھی قاہرہ میں ایک ٹیکسٹائل مل کی عمارت گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے تھے فوٹو: فائل

KARACHI: مصر میں فرنیچر بنانے والی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک جبکہ 22 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے مدینتہ العبور میں واقع الحلو نامی ایک فرنیچر فیکٹری میں گیس سلینڈر پھٹنے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔ حکام نے واقعے میں کم از کم 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ 22 سے زائد مزدوروں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔مصر کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے فیکٹری کو سیفٹی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا تھا۔

واضح ر ہے کہ مصر کے اکثر صنعتی یونٹس سیفٹی کے ناکارہ پیمانوں پرقائم ہیں، گزشتہ برس بھی قاہرہ میں ایک ٹیکسٹائل مل کی عمارت گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔