رشید گوڈیل نے12 اگست کو ہی قاتلانہ حملے کا خدشہ ظاہرکردیا تھا

وہ زیادہ تراپنے حلقہ انتخاب میں رہتے ہیں اور بغیر کسی سیکیورٹی یا پروٹوکول کے علاقے میں گھومتے ہیں،ذرائع


Staff Reporter August 19, 2015
ان کاتعلق مڈل کلاس فیملی سے ہے اوراُن کے حلقہ احباب کے مطابق وہ سیلف میڈانسان ہیں،ذرائع: فوٹو: فائل

ایم کیوایم کے رہنمارشید گوڈیل نے 12 اگست کوایم کیوایم کے دیگرارکان کے ہمراہ استعفیٰ دینے کے موقع پرہی زندگی کولاحق شدیدخطرات سے آگاہ کردیاتھا۔

انھوں نے کہا تھا کہ کراچی میں کچھ لوگ میراپیچھاکرتے ہیں، میرے پاس سیکیورٹی نام کی کوئی چیزنہیں،ایسامحسوس ہورہاہے کہ شایدستمبر کامہینہ نہ دیکھ سکوں۔رشید گوڈیل کے قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ وہ زیادہ تراپنے حلقہ انتخاب میں رہتے ہیں اور بغیر کسی سیکیورٹی یا پروٹوکول کے علاقے میں گھومتے ہیں۔

واضح رہے کہ رشیدگوڈیل 7ستمبر1960 کوکراچی میں پیدا ہوئے، 2005 میں متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کی،2008 اور2013 کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پرقومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،اس سے قبل 2005 میں جمشیدٹاؤن کے علاقے سے یونین کونسل کے ناظم منتخب ہوئے۔

رواں برس ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے سنیئررہنماڈاکٹرفاروق ستارکوقومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرکے عہدے سے ہٹاکررشیدگوڈیل کوقائم مقام پارلیمانی لیڈرمقررکیا۔اس سے قبل ان کی سیاسی وتنظیمی خدمات کومدنظررکھتے ہوئے انھیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی میں بھی شامل کیاگیاتاہم الطاف حسین کی جانب سے رابطہ کمیٹی کوتحلیل کیے جانے کے ساتھ ہی انھیں بھی رکن رابطہ کمیٹی کے عہدے سے فارغ کردیاگیاتھا۔متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن سیل کے مطابق رشیدگوڈیل کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے جبکہ ذریعہ آمدن نجی میڈیکل یونیورسٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی ہے۔

ان کاتعلق مڈل کلاس فیملی سے ہے اوراُن کے حلقہ احباب کے مطابق وہ سیلف میڈانسان ہیں،تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،وہ مستحق طلباوطالبات کے تعلیمی اخراجات اٹھاتے ہیں اورانھوں نے اس حوالے سے کسی قسم کی نمودونمائش کبھی نہیں کی۔