ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک 6 زخمی ہوگئے

زمان ٹائون میں نصیبن بی بی کو ہائی ایس نے کچل دیا، مشتعل افراد نے گاڑی نذر آتش کردی۔


Staff Reporter October 20, 2012
ماڑی پور میں گاڑی کی زد میں آکر فیصل ہلاک ہوگیا، دیگر حادثات میں 6 افراد زخمی ہوگئے. فوٹو فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں ضعیف خاتون سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی زمان ٹائون میں سڑک عبور کرنے والی 70 سالہ نصیبن بی بی زوجہ منیر روٹ KL کی ہائی ایس وین کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی ، موقع پر موجود مشتعل افراد نے گاڑی کو نذر آتش کر دیا ، متوفیہ کورنگی ایک نمبر کی رہائشی تھی ، ماڑی پور روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 25 سالہ فیصل ہلاک ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

متوفی لیاری کے علاقے جمن شاہ پلاٹ کا رہائشی تھا ، شیرشاہ گلبائی چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد 35 سالہ فہیم احمد اور 32 سالہ عمران زخمی ہوگئے دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا ، دنوں افراد سائٹ میں واقع مقامی فیکٹری کے ملازم ہیں جو اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے ، سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ کے قریب چنگچی رکشا تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور عاشق علی جبکہ فرہاد اور وسیم سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔