ڈسپلنری کمیٹی میٹنگ حفیظ اورعبدالرزاق کے شکو ے دور

دونوں کرکٹرز رسمی کلمات ادا کرنے کے بعد مزید کچھ کہے بغیر رخصت ہوگئے۔


Sports Reporter October 20, 2012
لاہور: قومی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان حفیظ اور آل رائونڈر عبدالرزاق میڈیا سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کے اجلاس میں ہی محمد حفیظ اور عبدالرزاق کے گلے شکو ے دور کرادیے گئے۔

البتہ باقاعدہ اعلان کیلیے دونوں کرکٹرز پی سی بی کے قانونی مشیر تفصل رضوی کے ہمراہ میڈیا کے سامنے آئے، بورڈ کے ترجمان ندیم سرور بار بار کہتے رہے کہ سوالات کی اجازت نہیں ہوگی، چند ٹی وی چینلز کے نمائندوں کا اصرار تھاکہ انھیں لائیو کوریج کرنے دی جائے، اس معاملے میں تقریباً نصف گھنٹے تکرار کے بعد بالآخر محمد حفیظ اور عبدالرزاق نے ہال میں آکر باہمی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے رسمی کلمات کہے اور مزید کوئی بات کیے بغیر ہی رخصت ہوگئے۔

دریں اثنا محمد حفیظ اور عبدالرزاق بیان جاری کرنے کیلیے آئے تو اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب میڈیا کے نمائندوں نے دونوں کرکٹرز سے صلح پر مٹھائی کھلانے کا مطالبہ کردیا، کپتان نے یہ بات خوبصورتی سے ٹالتے ہوئے کہا کہ لڑائی کب تھی جو صلح کی خوشی منائیں۔ مختصر نشست کے بعد صحافیوں نے ایک اور مطالبہ کردیا کہ دونوں کرکٹرز ہمارے سامنے بھی ایک بار گلے ملیں، پرزور اصرار پر بھی محمد حفیظ اور عبدالرزاق ہاتھ ملا کر مسکرانے تک ہی محدود رہے۔