سندھ حکومت کراچی میں چنگچی رکشوں کی بحالی پر آمادہ

چنگ چی رکشوں کو صرف لنک روڈز پر چلنے کی اجازت ہوگی، سندھ حکومت کا سپریم کورٹ میں موقف


ویب ڈیسک September 23, 2015
سندھ ہائی کورٹ نے چنگچی رکشوں کوغیرقانونی قراردیتے ہوئے پابندی عائد کردی تھی فوٹو: فائل

BAHAWALPUR: سندھ حکومت نے چنگچی رکشوں پر پابندی سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں موٹر سائیکل رکشوں کی بحالی پر مشروط آمادگی ظاہر کی ہے۔

سپریم کورٹ میں سندھ حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت شمسی توانائی سے چلنے والے رکشے درآمد کرنے پر غورکررہی ہے جب کہ شہر میں 100 سی سی موٹرسائیکل رکشوں کو حفاظتی اقدامات کرنے پر چلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے، تاہم چنگ چی رکشوں کو صرف لنک روڈز پر چلنے کی اجازت ہوگی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاپانی کمپنی کی مددسے سرکلرریلوے کی بحالی کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے جس میں ماڈل کالونی سے مزار قائد تک کوریڈور بنایا جائے گا،21 کلومیٹر کے کوریڈور سے یومیہ ساڑھے تین لاکھ مسافروں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ داؤد چورنگی سے صدر کراچی تک بھی کوریڈور بنایا جائے گا 26 کلومیٹر کوریڈور سے یومیہ ڈیڑھ لاکھ لوگ مستفید ہوں گے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے چنگچی رکشوں کو 6 کے بجائے 4 سیٹر کرکے کا چلانے پر آمادگی ظاہرکردی ہے، اس سلسلے میں حکومت سندھ، چنگچی رکشہ مالکان اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان بھی اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے چنگچی رکشوں کوغیرقانونی قراردیتے ہوئے پابندی عائد کردی تھی تاہم رکشہ مالکان نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

مقبول خبریں