بلدیاتی الیکشن 1520 نشستوں کیلیے5 ہزار امیدوار میدان میں آگئے

فاروق ستار،حافظ نعیم،نجمی عالم،عمران اسماعیل اوردیگرنے چیئرمین ووائس چیئرمین کیلیے کاغذات جمع کرائے


Staff Reporter October 08, 2015
بلدیاتی الیکشن کے امیدوار ڈپٹی کمشنر آفس میں کاغذات کی تصدیق کے دوران وکٹری کا نشان بنارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور: کراچی میں1520بلدیاتی نشستوں کیلیے5ہزار سے زائد امیدوار میدان میں آگئے، بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز بھی 3 ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے،بدھ کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ، سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز سیکڑوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں توسیع کی اجازت دینے کے بعد ریٹرننگ افسران نے رات گئے تک کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

آزاد امیدواروں کی بھی بڑی تعداد نے فارم جمع کرائے ہیں، ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار،جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان اور پیپلزپارٹی کے نجمی عالم سمیت دیگر رہنماؤں نے چیئرمین ووائس چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جمعرات سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگا جو 13اکتوبر تک جاری رہے گا۔

امیدواروں نے988 جنرل کونسلرز ، 247چیئرمین،247وائس چیئرمین اور38 اراکین ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ضلع شرقی میں یونین کمیٹی19پی آئی بی کالونی سے چیئرمین کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اسی یونین کمیٹی کے وائس چیئرمین کیلیے ایم کیوایم کے مرکزی رہنما زاہد منصوری نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ایم کیوایم کے صلاح الدین شیخ، اقبال محمد علی خان اور زریں مجید نے ضلع شرقی جبکہ رؤف صدیقی، ریحان ہاشمی، ڈاکٹر ارشد وہرہ اور دیگر نے ضلع وسطی سے چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

ایم کیوایم کے امین الحق، سلمان بلوچ ، محمد حسین، مزمل قریشی اور دیگر امیداروں نے مختلف یوسیز سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ضلع وسطی کی یوسی 18الفلاح نارتھ ناظم آباد سے چیئرمین اور نائب امیر جماعت اسلامی مسلم پرویز نے ضلع وسطی کی یوسی 30یاسین آباد سے چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جماعت اسلامی کے انجینئر صابر احمد نے یوسی 19پی آئی بی سے، یونس بارائی نے یوسی7پہلوان گوٹھ ، فاروق نعمت اللہ نے یوسی 28گلبرگ ،عبد الجمیل خان نے زمان ٹاؤن کورنگی یوسی 24، منعم ظفر نے یوسی29واٹرپمپ اور ٰعبد الرشید نے لیاری سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نجمی عالم نے ضلع جنوبی کی یوسی کلفٹن سے چیئرمین، اقبال ساند اور عبدالغفار شیخ نے ضلع کورنگی کی یوسی 22اور یوسی 24کے چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، پیپلزپارٹی کے نور خان برفت،جاوید بٹ اور نور بخش نے ضلع شرقی، الطاف حسین حالی، راشد رئیس، رئیس کاظمی ، علی جان ، سید باچااور جمن دروان نے ضلع غربی، فیصل شیخ ، حسن پرویز ماما، شاہد حسین نے ضلع وسطی، جان محمد بلوچ ، اے ڈی سومرو نے ضلع ملیر کی یونین کمیٹی اور اراکین ڈسٹرکٹ کونسل کیلیے سلمان عبداللہ مراد، سردار اختر عارفانی، عمرجت جبکہ ضلع جنوبی سے حبیب الحسن ، غلام محمد اور ملک ریاض نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، ن لیگ کے منور رضا، ملک تاج ، آصف خان، حبیب الرحمن و دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، تحریک انصاف سے عمران اسماعیل اور علی زیدی نے ضلع شرقی سے چیئرمین کے عہدو ں کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ دیگر امیدواروں نے بھی مختلف یوسیز سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،عوامی نیشنل پارٹی کے عثمان غنی، عبدالقیوم ، نیاز یوسف زئی اور دیگر نے ضلع وسطی، غربی اور ملیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کامرحلہ جمعرات سے شروع ہو گا جو 13اکتوبر تک جاری رہے گا۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہوگی، 5نومبر کو اپیلوں پر فیصلے ہونگے، مقابلے سے دستبرداری کی آخری تاریخ 6نومبر ہے، امیدواروں کی حتمی لسٹ 7نومبر کو شائع ہوگی، بلدیاتی انتخابات 3دسمبر کو چھ اضلاع میں قائم 209یونین کمیٹیز اور 38یونین کونسلوں کی سطح پر منعقد ہونگے۔