پاکستانی کرکٹرزورلڈ ٹی 20 کا بائیکاٹ نہ کردیں آئی سی سی کو خدشہ

یہی حالات رہے تو گرین شرٹس کس طرح بھارتی سرزمین پرکھیلیں گے؟ ظہیرعباس


Sports Reporter October 20, 2015
کونسل دونوں ممالک کے مابین کرکٹ مسائل کا نوٹس نہیں لے سکتی، صدر فوٹو: فائل

 

آئی سی سی کو خدشہ ہے کہ پاکستانی کرکٹرز سیکیورٹی خدشات کے سبب ورلڈٹی ٹوئنٹی کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں، صدر ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ حکام کو مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ ممبئی کا واقعہ افسوسناک ہے،اس سے کرکٹ کو نقصان پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہاکہ یہی حالات رہے تو پاکستانی ٹیم کس طرح بھارت میں کھیلے گی؟ دونوں ممالک کے کرکٹ حکام کو ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا،ورنہ مجھے خوف ہے کہ پاکستانی کرکٹرز سیکیورٹی خدشات کے سبب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت سے انکار کرسکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ اس وقت حالات کیا ہوں گے تاہم یہی صورتحال رہی تو پاکستانی پلیئرز پربھی اضافی دباؤ ہوگا۔

''ایکسپریس نیوز'' سے گفتگوکرتے ہوئے ظہیرعباس نے کہا کہ آئی سی سی دونوں ممالک کے مابین کرکٹ مسائل کا نوٹس نہیں لے سکتی، یہ ان کا باہمی معاملہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں، البتہ کونسل چاہتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات بہت اچھے ہو جائیں اور وہ مل بیٹھ کر اس معاملے کا حل نکالیں، روایتی حریفوں کا میچ دنیا کے کسی بھی خطے میں ہو لوگ بڑے شوق سے دیکھتے ہیں، کرکٹ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، بعض ملکوں کے آپس میں تعلقات خراب ہوتے ہیں لیکن ہمیں کھیل کو پوری دنیا میں فروغ دینا ہے اور اس کیلیے کوششیں جاری رہیں گی۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ کے معاملات پر فی الحال کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا، آج ممبئی میں جو کچھ بھی ہوا افسوسناک ہے، اس سے کرکٹ کو نقصان پہنچے گا،مجھے تفصیلات کا علم نہیں اس لیے کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا لیکن یہ بات ضرور ہے کہ کرکٹ کو بڑے چیلنج درپیش ہیں۔