بھارتی بورڈ کا خط مل گیا کرکٹ سیریز کھیلنے کے مثبت اشارے

بھارت نے سیریز کھیلنے سے انکار نہیں کیا، حکومتی فیصلے سے چند روز میں آگاہ کردیں گے، بھارتی بورڈ


Saleem Khaliq October 29, 2015
پاکستان کرکٹ بورڈ میزبانی کیلیے پُرعزم ہے، میچزکی تعداد کم کرنا پڑے گی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

بھارت نے رواں برس شیڈول کرکٹ سیریز کے حوالے سے پاکستانی خط کا جواب دیدیا، ذرائع کے مطابق مثبت اشارے دیتے ہوئے آئندہ چند روز میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرنے کا یقین دلایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز کا انعقاد رواں برس دسمبر میں ہونا ہے، سیکیورٹی خدشات کے سبب میزبانی کے فرائض یو اے ای کو سونپے گئے، سیاسی کشیدگی کی وجہ سے روایتی حریفوں کے میچز غیریقینی کا شکار ہیں، گذشتہ دنوں بی سی سی آئی حکام نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو ممبئی بلا کر ملاقات سے گریز کیا، صدر ششانک منوہر شیوسینا کی جانب سے اپنے دفتر پر دھاوا بولنے سے اس قدر خوفزدہ ہوئے کہ فون کر کے بھی مہمانوں کا حال نہ پوچھا، اس پورے واقعے سے بھارت دنیا بھر میں بدنام ہوا، پاکستانی گلوگاروں، اداکاروں اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک سے بھی اس کی ساکھ متاثر ہوئی۔

دوسری جانب پاکستان نے خیرسگالی کا مظاہرہ کر کے بھارتی لڑکی گیتا کو اس کے وطن روانہ کیا، ان معاملات کے بعد بھارتی حکومت اپنا امیج بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہے، گذشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے خط لکھ کر سیریز کا اسٹیٹس پوچھا تھا، ذرائع کے مطابق گذشتہ روز انھیں جواب موصول ہو گیا، سب سے مثبت بات یہ ہے کہ اس میں سیریز کھیلنے سے انکارنہیں کیا گیا، خط میں تحریر ہے کہ بھارتی بورڈ نے اپنی حکومت سے اجازت طلب کر لی، آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہونے پر بتا دیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان سیریز کی میزبانی کیلیے پُرعزم ہے، البتہ میچز کی تعداد کم کرنا پڑیگی۔