سیکیورٹی کی عدم فراہمی 3 اضلاع میں انسداد پولیو مہم ملتوی

10لاکھ 24ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی خوراک پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا


Staff Reporter November 05, 2015
محکمہ صحت کے حکام آج دوبارہ پولیس سے رابطہ کریں گے، مطلوبہ تعداد میں اہلکاروں کی فراہمی کی یقین دہانی پر مہم کی نئی تاریخ کا تعین ہوگا۔ فوٹو فائل

لاہور: سندھ پولیس کی جانب سے مطلوبہ تعداد میں پولیس اہلکار کی فراہمی سے معذرت کے بعد کراچی کے 3 اضلاع میں آج سے شروع کی جانے والی انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے کراچی میں آج( جمعرات) سے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم کے سلسلے میں مطلوبہ تعدادمیں اہلکاروں کی فراہمی سے معذرت ظاہرکردی ہے جس کے بعد محکمہ صحت نے سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے تناظرمیں کراچی کے 3مختلف اضلاع میں آج سے شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم ملتوی کردی، انسداد پولیومہم کے ملتوی ہونے کے سبب 3اضلاع کے10لاکھ سے زائد بچے پولیوسے بچاؤکے قطرے پینے سے محروم رہ گئے ہیں۔

جمعرات سے کراچی کے ضلع جنوبی، ضلع غربی اورضلع وسطی میں انسدادپولیو مہم کاآغاز ہوناتھا تاہم پولیس حکام کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود مطلوبہ تعداد میں اہلکار فراہم نہ کیے جانے کے سبب یہ مہم ملتوی کرنی پڑی اور سیکیورٹی کی فراہمی کی غیریقینی صورتحال کے سبب انسداد پولیومہم کے آغاز کی نئی تاریخ کاتعین بھی نہیں ہوسکا، بتایا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں جمعرات کو محکمہ صحت کے حکام دوبارہ سندھ پولیس سے رابطہ کریں گے اورپولیس حکام کی جانب سے شہرکے تینوں اضلاع میں مطلوبہ تعدادمیں اہلکاروں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی توانسدادپولیومہم کی نئی تاریخ کا تعین ہوسکے گا۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ضلع جنوبی، غربی اور وسطی میں 3روزہ انسداد پولیو مہم 5نومبر سے شروع کی جانا تھی اورمہم کے دوران 10لاکھ 24ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہد ف مقرر کیا گیا تھاجبکہ انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کے سلسلے میں 4ہزارسے زائد پولیس اہلکارفراہم کیے جانے تھے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے عین موقع پرمطلوبہ تعدادمیں اہلکاروں کی فراہمی سے معذرت کرلی اور محض چند سوپولیس اہلکاروں کی فراہمی کاعندیہ دیا گیا تھا جس پرمحکمہ صحت کوانسدادپولیو مہم موخر کرنا پڑی، صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اگرپولیس حکام کی جانب سے مطلوبہ تعدادمیں سیکیورٹی فراہم کردی گئی توکراچی کے ضلع جنوبی، ضلع غربی اورضلع وسطی میں انسدادپولیومہم ممکنہ طورپر6نومبر سے شروع کی جاسکتی ہے۔