فیس بک کے بانی کے بعد گوگل کے سی ای او کا بھی مسلمانوں کی حمایت کا اعلان

برداشت اور کھلے دل سے نقل مکانی کرنے والوں کی قبولیت امریکا کی سب سے بڑی قوت ہے جسے ختم نہیں ہونا چاہیے، سندرپچائی


ویب ڈیسک December 12, 2015
برداشت اور کھلے دل سے نقل مکانی کرنے والوں کی قبولیت امریکا کی سب سے بڑی قوت ہے جسے ختم نہیں ہونا چاہیے، سندرپچائی، فوٹو: فائل

پیرس حملوں اور امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمان مخالف بیان کے بعد گوگل کے سی ای او مسلمانوں کی حمایت میں ایک کھلا خط تحریر کیا ہے۔

انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کے سی ای او بھارتی نژاد امریکی شہری سندر پچائی نے اپنے کھلے خط میں کہا ہے کہ آزادی ، برداشت اور کھلے دل سے نقل مکانی کرنے والوں کی قبولیت امریکا کی سب سے بڑی قوت ہے جب کہ امریکی مسلمان اس وقت خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اقدار کو شکست نہ ہونے دیں، یہ دل شکستہ عمل ہے کہ ان دنوں خبروں میں عدم برداشت کے بیانات کا راج ہے جب کہ یہ اتفاقیہ بات نہیں کہ امریکا نقل مکانی کرنے والوں کی سرزمین تھی اور ہے۔

خط میں سندر پچائی کی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ میں 22 سال قبل امریکا آیا تھا اوریہاں تعلیم حاصل کی تھی کیونکہ امریکہ کو میں اپنا حصہ سمجھتا ہوں اور یہ ملک میرے لیے بھارت جیسی ہی اہمیت رکھتا ہے، اگرچہ سندر پچائی نے اپنے خط میں براہِ راست ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نہیں لیا لیکن بین السطور یہ خط ٹرمپ کے شرانگیز بیان کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں مسلمانوں کے داخلے کی پابندی کا مطالبہ کیا تھا جس پر انہیں دنیا بھر میں شدید تنقید کا سامنا ہے جب کہ اس سے قبل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے بھی مسلمانوں کی حمایت میں بیان دیا تھا برطانیہ میں لاکھوں افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی کی پٹیشن سائن کی ہے۔

 

مقبول خبریں