آصفہ بھٹوزرداری نے عیدکادن ملالہ کے اہلخانہ کیساتھ گزارا

پاکستانی ہائی کمشنرکے ہمراہ برمنگھم پہنچیں،ڈاکٹرڈیوروسر نے ملالہ کی صحت سے آگاہ کیا


APP October 30, 2012
لندن: ملالہ کی عیادت کے بعد آصفہ بھٹو ملالہ کے والد ، بھائیوں، واجد شمس الحسن کے ہمراہ کوئن الزبتھ اسپتال میں کھڑی ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

پاکستان کے صدرآصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے عیدالاضحی کا دن ملالہ یوسفزئی کے اہل خانہ کے ہمراہ برمنگھم میں گزارا۔

اس موقع پربرطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرواجد شمس الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسموقع پروہاں موجودکوئین الزبتھ اسپتال کے ڈائریکٹرڈاکٹرڈیوروسرنیآصفہ بھٹوزرداری کوملالہ یوسفزئی کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا۔دریں اثنا ملالہ کے والد ضیا الدین یوسفزئی نے سوات کےافسوسناک واقعے کے بعد اپنی بیٹی کے علاج معالجے میں مدد کرنے پرصدرآصف زرداری اور بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اظہار تشکرکیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور پوری قوم کی دعائوں سے ملالہ تیزی سے روبصحت ہے۔آصفہ بھٹو زرداری آکسفورڈ بروکس یونیورسٹی سے جہاں وہ زیرتعلیم ہیں، ملالہ کے والدین کو ملنے برمنگھم آئیں اورملالہ کے اہل خانہ کے ہمراہ تقریباً دوگھنٹے گزارے اورامید ظاہرکی کہ ملالہ یوسفزئی بہت جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔

ملالہ پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اس طرح کے سفاکانہ اقدامات مسلمان نہیں کرسکتے پورا پاکستان ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ہے۔ انھوں نے صدرآصف زرداری کی جانب سے ملالہ یوسفزئی اور ان کے خاندان کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ملالہ کے والد نے عیدکا دن ان کے ساتھ گزارنے پرآصفہ بھٹو زرداری اور پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ اداکیا۔ علاوہ ازیں برطانوی اسپتال میں اپنی بیٹی سے ملاقات کے بعد ملالہ کے والد نے ایک انٹرویو میںکہا کہ ملالہ کو صحیح جگہ پرصحیح علاج فراہم ہوا جس پر وہ صدر مملکت اور بری فوج کے سربراہ کے مشکور ہیں جنھوں نے قوم کی بیٹی کی جان بچانے کیلیے تمام کوششوں کا ساتھ دیا۔ انھوں نے کہا کہ ملالہ نے اب بولنا شروع کردیا ہے، وہ اس حالت میں بھی اپنی کتابوں کیلیے فکرمند ہے۔ دریں اثناڈاکٹر ڈیوڈرسر نے ملالہ کی صحت کو اطمینان بخش قراردیا ہے اور کہا کہ تمام ضروری طبی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ تھکاوٹ کے باوجود ملالہ نے اپنے والدین سے ملاقات کی۔