دَھپ دَھپ دَھپ دَھپ ۔۔۔۔ دھڑام

بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے بے حد موٹے مجرم کو بھگا بھگا کر پکڑ لیا گیا.


November 04, 2012
فوٹو: فائل

مُٹاپا صحت کے لیے خطرناک تو ہے ہی، تاہم یہ جرائم کی راہ میں بھی رکاوٹ بن سکتا ہے۔

اس کا عملی اظہار اس وقت دیکھنے میں آیا، جب 425 پونڈ وزنی Victor Joseph Espinoza نامی جرائم پیشہ شخص ایک دس سالہ بچے کو اغوا کرنے میں ناکامی کے بعد مٹاپے کے باعث چُھپنے میں ناکام رہا اور دھر لیا گیا۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر ''سینٹ سانتا آنا'' پولیس کے چیف انتھونی برتگنا کے مطابق وکٹر جوزف نے ایک دس سالہ بچے کو اس وقت اغوا کرنے کی کوشش کی، جب وہ بچہ سینٹ سانتا آنا کے پارک میں فٹ بال کھیلنے جارہا تھا۔ تاہم بچے کے شور مچانے پر وکٹر بچے کو چھوڑ کر فرار ہونے لگا، لیکن اس دوران فٹ بال ٹیم کے کوچ نے وکٹر جوزف کا تعاقب کر کے اسے نیچے گرادیا، لیکن وکٹر جوزف بھاگ کر قریبی گھر کے پیچھے درختوں میں جاچھپا۔ تاہم سانتا آنا پولیس نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے وکٹر جوزف کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے اسے بھگا بھگاکر ہانپنے اور پھر گرنے پر مجبور کردیا۔

بھاری بھرکم وکٹر جوزف کے پکڑے جانے کی دل چسپ ویڈیو انٹرنیٹ صارفین میں نہایت تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ وکٹر جوزف نہ صرف 425پونڈ وزنی ہے بل کہ اپنے چہرے پر چوڑی اور لٹکتی تھوڑی کے باعث ایک عجوبہ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق وکٹر جوزف کی تصویر انٹرنیٹ پر مقبولیت کے حوالے سے ابتدائی تین تصاویر میں شمار کی جارہی ہے۔