ملک بھر میں آرمی اور فیڈرل گریژن بورڈ کے زیرانتظام تعلیمی ادارے بند

ممكنہ دہشت گردی كی اطلاعات پر زكریا یونیورسٹی ملتان کو بھی 4 روز كے لیے بند كر دیا گیا، ذرائع


ویب ڈیسک January 28, 2016
ممكنہ دہشت گردی كی اطلاعات پر زكریا یونیورسٹی ملتان کو بھی 4 روز كے لیے بند كر دیا گیا، ذرائع، فوٹو؛ فائل

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں فیڈرل گریژن بورڈ اور آرمی کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کو 31 جنوری تک بند کردیا گیا جب کہ پنجاب کے بیشتر تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملك بھرمیں فیڈرل گریژن بورڈ كے زیرانتظام چلنے والے اسكولز كو 31جنوری تك بند كردیا گیا ہے۔ ذرائع كے مطابق ان میں آرمی پبلك اسكولز بھی شامل ہیں۔ ذرائع كے مطابق بورڈانتظامیہ كویہ ہدایت بھی كی گئی ہے كہ اسكولزكے سیكورٹی انتظامات كا جائزہ لیا جائے اورجہاں ضرورت ہو ان انتظامات میں اضافہ كیاجائے۔

دوسری جانب حساس اداروں كی جانب سے ممكنہ دہشت گردی كی اطلاعات پر زكریا یونیورسٹی ملتان کو بھی 4 روز كے لیے بند كر دیا گیا ہے جب كہ جامعہ كے زیر نگرانی ہونے والے امتحانات 3 روز کے لیے ملتوی كر دیئے گئے ہیں۔ یونیورسٹی كے 4 بوائز ہاسٹلز كو رات گئے تك خالی كروا لیا گیا اور دور دراز شہروں میں رہنے والے طلباء كو جامعہ كی بسوں پر اڈوں پر چھوڑا گیا، اس کے علاوہ طالبات ہوسٹلز آج خالی كروائے جائیں گے۔

ذرائع کےمطابق حساس اداروں كو زكریا یونیورسٹی میں ممكنہ دہشت گردی كی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں جس كی وجہ سے گزشتہ كئی روز سے جامعہ كی سكیورٹی بہتر بنانے اور ہوسٹلز كا سرچ آپریشن جاری تھا جب کہ گزشتہ روز رات گئے تك حساس اداروں اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاكٹر طاہر امین كے درمیان مذاكرات جاری رہے جس كے بعد طلبا كی حفاظت كو مدنظر ركھتے ہوئے جامعہ میں دو غیر سركاری چھٹیوں كا اعلان كر دیا گیا جس سے جامعہ میں ہفتہ اور اتوار سركاری تعطیلات ہونے كی وجہ سے ابتدائی طور پر چار چھٹیاں ہو گئیں، چھٹیوں میں اضافے كا فیصلہ سكیورٹی رپورٹ كی بنیاد پر كیا جائے گا۔ زكریا یونیورسٹی ملتان كی زیر نگرانی جاری امتحانات شیڈول كے مطابق ہوں گے جب کہ كنٹرولر امتحانات زكریا یونیورسٹی ملتان كے مطابق ملتوی ہونے والے امتحانات كے نئے شیڈول كا اعلان بعد میں كیا جائے گا۔

ضلعی پولیس نے ممكنہ دہشت گردی كے خطرے كے پیش زكریا یونیورسٹی كے ہاسٹلز بند كروا دیئے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے گزشتہ روز سكیورٹی وجوہات پر زكریا یونیورسٹی كے ہاسٹلز خالی كروانے كا فیصلہ كیا، پولیس كی بھاری نفری ایس پی گلگشت كی قیادت میں یونیورسٹی پہنچی اور 4 بوائز ہاسٹلز كے طلبا كو ہاسٹلز خالی كرنے كا حكم دیا جس پر رات گئے طلبا نے ہاسٹل خالی كر دیئے اور اپنا سامان اٹھا كر گھروں كو روانہ ہو گئے۔ ہاسٹل خالی كروانے سے قبل طلبہ كی جانب سے ممكنہ مزاحمت كے پیش نظر پولیس كی بھاری نفری نے ہاسٹلز كو گھیرے میں لے لیا۔

ادھر ملتان میں سكیورٹی خدشات كے پیش نظر این ایف سی كالج سمیت 5 پرائیویٹ اور ایك سركاری تعلیمی ادارے كو بند كرا دیا گیا، ان تعلیمی اداروں میں این ایف سی، آئی ایس پی یونیورسٹی، ویژن انسٹی ٹیوٹ، اسٹاف كالج، ٹاپر لاءكالج جب كہ سركاری ادارے ٹیچرز ٹریننگ ایلیمنٹری شامل ہیں، ان تعلیمی اداروں كو سكیورٹی انتظامات نہ ہونے كے باعث بند كر دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے