عمران خان فیصل آباد آئیں ان کی بیماری کا مفت علاج کرائیں گے عابد شیر علی

ملکی مفاد اور دہشت گردی کے خاتمے کےلئے سب کو ساتھ لے کر چلنا مک مکا نہیں کہلاتا، عابد شیرعلی


ویب ڈیسک January 30, 2016
اپوزیشن ہمیشہ حکوت پر تنقید کرتی ہے لیکن عمران خان تو بہت آگے نکل گئے ہیں، عابد شیر علی فوٹو : فائل

لاہور: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو تنقید کرنے کی بیماری ہے وہ فیصل آباد آئیں تو ان کا مفت علاج کریں گے۔

فیصل آباد میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمیشہ حکوت پر تنقید کرتی ہے لیکن عمران خان تو بہت آگے نکل گئے ہیں۔ وہ اپنے زیادہ تر بیانات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا نام لیتے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں اسپیکر سے کتنا پیار ہے۔وزیر اعظم پر مک مکا کا الزام لگانا غلط ہے اگر ملکی مفاد اور جرائم و دہشت گردی کے خاتمے کےلئے سب کو ساتھ لے کر چلنے کو مک مکا کہتے ہیں تو پھر عمران خان کو تنقید کی بیماری ہوگئی ہے، وہ فیصل آباد سے آئیں ہم ان کاعلاج بالکل مفت کرائیں گے ۔

وزیر مملک کا کہنا تھاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور اداروں کی بہتری کے لئے وزیر اعظم نے بہت سے اہم اور مشکل فیصلے کئے جس میں پی آئی اے کی نجکاری بھی ہے ۔ قومی ائیر لائن مسلسل خسارے میں جارہی ہے اور فائدے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے جبکہ اس کی نجکاری ملکی مفاد میں بہتر ہے ۔

جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا اور دہشت گرد ملک کے جس حصے میں بھی ہوں گے کچل دیئے جائیں گے۔ عزیر بلوچ سمیت کوئی بھی جرائم میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن اس اقدام سے یہ تاثر قائم نا کیا جائےکہ سندھ میں گورنر راج لگ جائے گا، سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں۔