اولڈ سٹی ایریا کیلیے مجوزہ سیکیورٹی پلان تاجروں کی مخالفت کے باعث متنازع ہوگیا

اولڈ سٹی ایریا کیلیے مجوزہ سیکیورٹی پلان متاثرہ تاجروں کی مخالفت کے باعث متنازع ہوگیا ہے۔


Business Reporter November 05, 2012
اولڈ سٹی ایریا کیلیے مجوزہ سیکیورٹی پلان متاثرہ تاجروں کی مخالفت کے باعث متنازع ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے اولڈ سٹی ایریا کیلیے مجوزہ سیکیورٹی پلان متاثرہ تاجروں کی مخالفت کے باعث متنازع ہوگیا ہے۔

اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس نے لیاری سے متصل قدیم تجارتی مراکزکیلیے کراچی چیمبر کے مرتب کردہ سیکیورٹی پلان کو مسترد کردیا ہے، سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کے لیے متاثرہ علاقے کے تاجروں سے مشاورت نہیںکی گئی،کراچی چیمبر کے کسی عہدے دار نے اولڈ سٹی ایریا کا دورہ نہیں کیا، اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کراچی چیمبر کی جانب سے اولڈ سٹی ایریا کی سیکیورٹی کیلیے مرتب کردہ پلان کو ناقابل عمل اور خامیوں سے پر قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے،جمیل پراچہ کے مطابق بھتہ مافیا اور ٹارگٹ کلرز کی کارروائیوں سے شہر میں سب سے زیادہ متاثرہ تجارتی مرکز کا سیکیورٹی پلان اس سے قبل فیل ہونے والے 4سیکیورٹی پلانز کا چربہ ہے جو اس سے قبل بھی اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس یا متاثرہ تاجروں کی مشاورت کے بغیر ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر مرتب کیے گئے تھے۔

کراچی چیمبر سمیت کسی تجارتی انجمن کو پلان مرتب اور منظور کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، چیمبر کے کسی عہدے دار نے پلان مرتب کرنے کے لیے اولڈ سٹی ایریا کا دورہ نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس میں ہونے والے اجلاس میں بھی اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس کے کسی رکن یا نمائندے نے شرکت نہیں کی، جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں 100سے زائد بازار شامل ہیں جس کا سیکیورٹی پلان بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے متاثرہ تاجروں کی مشاورت سے ہی تیار کیا جائے گا اور اس حوالے سے اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس نے بدھ کو مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے۔

جس میں علاقے کی سیکیورٹی کے لیے متاثرہ تاجروں سے تجاویز لی جائیںگی اور ان تجاویز کی روشنی میں سیکیورٹی پلان متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ اخبارات کے ذریعے متاثرہ تاجروں تک پہنچنے والا سیکیورٹی پلان خامیوں سے بھرا ہوا ہے، یہ پلان انتظامیہ کی جانب سے پہلے بھی تین سے چار مرتبہ جاری کیا گیا اور اولڈسٹی ایریا ٹریڈرز الائنس کی جانب سے اس پلان میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی ،اولڈ سٹی ایریا میں 100سے زائد حساس گلیاں اور راستے ہیں جو جرائم کی وارداتوں کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔