شہر میں ڈولفن مچھلیوں کا شو 15 نومبر کو شروع ہوگا

پہلے بارشیں اور اب دفاعی نمائش کے باعث سیکیورٹی تاخیر کی وجہ بنی ہے،کمپنی


Business Reporter November 05, 2012
میری ٹائم میوزیم میں تالاب و پویلین زیر تعمیر، شہر میں بدامنی التوا کا سبب ہے،ذرائع. فوٹو راحیل حسین

شہر میں ڈولفن مچھلیوں کے ذریعے تفریح فراہم کرنے کا منصوبہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا ہے۔

اب یہ شو 15 نومبر کو شروع ہوگا، مچھلیوں کے ذریعے عوام کو عالمی معیار کی منفرد تفریح فراہم کرنے والی کمپنی شہر میں بارش کے موسم اور اب ایکسپو سینٹر میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے باعث سیکیوریٹی وجوہات کو تاخیر کی وجہ قرار دے رہی ہے۔ ٹیلنٹ بروکر انٹرنیشنل نامی کمپنی نے یکم اکتوبر سے کراچی میں ڈولفن شو کا اعلان کیا تھا جس کے لیے میری ٹائم میوزیم میں خصوصی تالاب اور پویلین کی تعمیر جاری ہے اس مقصد کے لیے روس سے ڈولفن مچھلیاں اور سی لائنز پاکستان لائی جانی تھیں تاہم منصوبہ تاحال تاخیر کا شکار ہے،ذرائع کے مطابق شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی منصوبے کی تاخیر کا سبب بنی ہوئی ہے شہریوں میں جان و مال کے عدم تحفظ کا احساس تفریحی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب کررہا ہے اور شہریوں کی اکثریت شام ڈھلنے کے بعد گھروں سے باہر نکلنے سےگریز کررہی ہے۔

ادھر کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈولفن شو کے لیے پول اور اسٹیڈیم کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور اب یہ شو 15نومبر سے شروع کردیا جائے گا اس سے قبل یکم اکتوبر کے بجائے یکم نومبر سے شو کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا اور شو کے لیے تشہیری مہم بھی شروع کی جاچکی تھی، ڈولفن شو منعقد کرنے والی تفریحی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے منتظمین نے نمائش کے دوران غیرملکی مہمانوں کی سیکیوریٹی کے لیے ڈولفن شو موخر کرنے کی درخواست کی تھی جس کی وجہ سے اب 15نومبر سے ڈولفن شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔