کراچی کلفٹن میں شقی القلب بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا

ملزم نے گھریلو اور جائیداد کے جھگڑوں پر ایک روز قبل بیوی کو طلاق دی تھی۔


Staff Reporter February 19, 2016
غلام ربانی اسٹیٹ بینک میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہے، پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ فوٹو : ایکسپریس

کلفٹن میں شقی القلب بیٹے نے تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے ماں کو قتل کر دیا ، ملزم نے گھریلو اور جائیداد کے جھگڑوں کی وجہ سے ایک روز قبل بیوی کو طلاق دی تھی جبکہ ملزم اسٹیٹ بینک میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے بلاک 4 میں واقع فالکن ٹاور کے فلیٹ نمبر 102 میں شقی القلب بیٹے نے تیز دھار آلے کے وار کر کے اپنی ماں 58 سالہ نسیم اختر زوجہ اختر قادری کو قتل کر دیا ایس ایچ او بوٹ بیسن نصیر تنولی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچی تو مقتولہ کی خون میں لت پت لاش فرش پر پڑی ہوئی تھی جبکہ پولیس نے ملزم غلام ربانی کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کے ہمراہ اس کی والدہ اور بہن فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں اور جس وقت واقعہ رونما ہوا ملزم کی بہن جان بچا کر فلیٹ سے باہر نکل گئی تھی بعدازاں ملزم نے اپنی والدہ کو قتل کر دیا، نصیر تنولی نے بتایا کہ ملزم نے ایک روز قبل بدھ کو گھریلو اور جائیداد کے جھگڑوں کی وجہ سے بیوی کو طلاق دی تھی جبکہ ملزم کی سات سال قبل شادی ہوئی تھی تاہم کوئی اولاد نہیں تھی ، وہ اسٹیٹ بینک میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے مقتولہ کی لاش جناح اسپتال پہنچائی جسے بعدازاں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔