تاجروں کا لوڈ شیڈنگ اور لوٹ مار کی وارداتوں کیخلاف دھرنے کافیصلہ

لوڈشیڈنگ کے باعث تاجر کاروبار قبل از وقت بندکرنے پر مجبور ہیں، عتیق میر.


Business Reporter November 07, 2012
بجلی کی سرشام لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تین دنوں میں حل کیا جائے،جرائم پیشہ عناصر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وارداتیںکررہے ہیں، اجلاس سے خطاب. فوٹو : فائل

چھوٹے تاجر و دکانداروں نے تجارتی مراکز میں مصروف کاروباری اوقات میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے دوران ڈکیتیوں کی وارداتیں بڑھنے کیخلاف ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی دھرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

آل کراچی تاجراتحادکے چیئرمین عتیق میرکی صدارت میں منگل کو شہر بھر کے تجارتی مراکز شاپنگ سینٹر اور مارکیٹوں کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس میں بجلی کی سرشام لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تین دنوں میں حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس مدت میں مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں سرشام تجارتی مراکز میں لوڈشیڈنگ پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اندھیرا ہوتے ہی تجارتی مراکز سے کسٹمرزکم جبکہ وارداتوںکا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف میں قا ئم 100سے زائد مارکیٹوں میں شام کے اوقات میں لوڈشیڈنگ شروع ہو جاتی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں نہ صرف بری طرح متاثرہورہی ہیں بلکہ تاجروں میں عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے، سرشام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گذشتہ تین ماہ کے دوران ڈکیتیوں اور لوٹ مارکے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے،تاجروں میں خوف و ہراس اور عدمِ تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔

نقد رقوم کا لین دین دشوار اور بینکوں سے رقوم نکلوانا خطرے کی علامت بن گیا ،محدودکاروباری سرگرمیوںکے باعث یومیہ اجرت پرخدمات فراہم کرنیوالا طبقہ بھی مشکلات سے دوچار ہے، انھوں نے کہا کہ یومیہ چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے کاروباری مسائل پیدا ہورہے ہیں حالانکہ امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کی وجہ سے ان تجارتی مراکزمیں پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں50 فیصد سے زائد گھٹ چکی ہیں ، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاجر اپنا کاروبار قبل از وقت بندکرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس کے باعث انھیں یومیہ لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔

انھوں نے کے ای ایس سی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ چھوٹے تاجروں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی تبدیل کرے کیونکہ چھوٹے تاجروں کو محسوس ہورہا ہے کہ موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی لوڈشیڈنگ دورانیہ میں اضافہ آئندہ دنوں میں بجلی کے بحران میں شدت کا پیش خیمہ ہے، سرشام تجارتی مراکز میں لوڈشیڈنگ سے جرائم پیشہ عناصر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بے خوف و خطر وارداتوں میں مصروف ہیں۔