یو ایس ایڈ پاکستان میں انسداد غربت کیلیے سرگرم ہے ایلن ڈیوس

بہتر مارکیٹ، خواتین کیلیے کاروباری مواقع، زرعی شعبے پرتوجہ ہے، ہارون اگر سے ملاقات


Business Reporter November 08, 2012
امداد نہیں چاہیے، امریکا مارکیٹ رسائی، بی او ٹی کی بنیاد پر سرمایہ کاری کرے، صدر کراچی چیمبر فوٹو: فائل

پاکستان میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یوایس ایڈ کارگر حکومتی پالیسیوں، بہتر مارکیٹ، خواتین کیلیے کاروباری مواقع اور زرعی شعبوںپرخصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

یہ بات یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹراکنامک گروتھ ایلن ڈیوس نے کراچی چیمبر کے صدر ہارون اگر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایلن ڈیوس نے بتایا کہ یو ایس ایڈ ان منصوبو ں کی تکمیل کیلیے سرگرم عمل ہے جس میں یو ایس ایڈ، حکومت اور دیگر اہم شراکت دار شامل ہیں تاکہ پاکستان میں غربت کی شرح کم ہوسکے اور اقتصادی افزائش کی رفتار تیز ہوسکے۔ اس موقع پر یوایس ایڈ کے ڈپٹی اکنامک گروتھ اینڈ ایگریکلچر جیفری مناٹ نے بتایا کہ یو ایس ایڈ کے تجارتی منصوبے حکومت اور نجی شعبے کے تعاون سے سال2009 سے آپریشنل ہیں جس کے تحت تجارتی پالیسی پر بہتر اندازسے عمل درآمد، متعلقہ سرکاری محکموں کی کارکردگی وصلاحیت میں توسیع اور علاقائی تجارت بالخصوص سرحدی راستوں سے ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کا فروغ اولین ترجیحات ہیں۔

یو ایس ایڈ کی ٹیم وزارت تجارت کی قومی کمیٹی برائے ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹ فیسلیٹیشن اورنیشنل ٹیرف کمیشن کے ہمراہ بھی خدمات انجام دے رہی ہے جس کے دائرہ کارمیں کسٹمرز کی سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے علاوہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ بھی شامل ہے، یو ایس ایڈ کے منصوبوں میںسرمایہ کاری بورڈ، وفاقی وصوبائی محکموں اور سمیڈا کی ساخت کی تعمیر نو کے منصوبے، نوجوان ورک فورسز کی ڈیولپمنٹ، مائیکرو انٹرپرینیورشپ، ٹریڈ پراجیکٹس، بلوچستان زرعی منصوبہ ، دیہی علاقوں میں ڈیری ڈیولپمنٹ، پاکستان حکمت عملی برائے پالیسی منصوبہ، زرعی کاروبار، ہارٹیکلچر لائیواسٹاک منصوبہ، گومل زام آبپاشی اور ست پارہ ڈیم کی تعمیرکا منصوبہ شامل ہے۔ اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ہارون اگر نے کہا کہ پاکستان کوامداد کے بجائے صرف تجارت کی ضرورت ہے۔

امریکا پاکستان کا ایک بڑا تجارتی وسرمایہ کاری شراکت دار ہونے کے ناطے پاکستان کو امداد کے بجائے اپنی منڈیوں تک تجارتی رسائی کی سہولت فراہم کرے ۔انہوں نے تجویز دی کے جاپان اسپیشل اکنامک زون کی طرز پر یو ایس اسپیشل اکنامک زون کراچی میں قائم کیا جائے جس کی فنڈنگ بھی یوایس ایڈ کرے، یوایس ایڈکو پاکستان کے مفاد میں بی اوٹی (بلڈ، آپریٹ، ٹرانسفر) کی بنیاد پرکراچی میٹرو ریلوے ، ماس ٹرانزٹ، کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے، ٹاؤن پلاننگ، ایجوکیشن، میڈیکل، مائننگ اور چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں میں فنڈنگ پر غور کرے۔