ایم کیوایم قیدی کارکنان پر تشدد کی باتیں اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کررہی ہے مولا بخش چانڈیو

ایم کیو ایم اپنی ناکامی چھپانے کے لئے قیدی کارکنان پر تشدد کے الزامات لگا رہی ہے ، مولا بخش چانڈیو


ویب ڈیسک March 13, 2016
ہم کسی کی وفاداری تبدیل نہیں کرا رہے اور پیپلزپارٹی پر اعتراضات کے بجائے ایم کیوایم اپنے معاملات دیکھے، مولا بخش چانڈیو : فوٹو : فائل

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ہم کسی کی وفاداری تبدیل نہیں کرا رہے اور پیپلزپارٹی پر اعتراضات کے بجائے ایم کیوایم اپنے معاملات دیکھے۔

ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے ہماری طرف انگلیاں اٹھانے کے بجائے مصطفیٰ کمال کے الزامات کا جواب دیں، ہم نے کسی کی سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی اس لئے ہم پر اعتراضات نہ کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا گیا لیکن ایم کیو ایم نے کبھی اپنا بننے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے قانون نافذ کرنے والوں کےکام میں کبھی مداخلت نہیں کی، ایم کیو ایم اپنے قیدی کارکنان پر تشدد کی باتیں اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے کررہی ہے، مصطفیٰ کمال نے صحیح کہا تھا کہ فاروق ستار معصوم اور مظلوم انسان ہیں، فاروق ستار معصوم بتائیں کے انہوں نے کراچی میں کچرہ اٹھانے کی بات کی تھی یا لوگوں کو ٹھکانے لگانے کی۔

مشیر اطلاعات سندھ کو کہنا تھا کہ ہم نے جو کام کیا تھا وہ دن کے اجالے میں کیا تھا لیکن آج پورے ملک سے آوازیں آرہی ہیں کہ وفاقی حکومت ناکام ہوچکی ہے، وفاق کو صرف سندھ میں کرپشن نظرآتی ہے، صرف ایک صوبے میں کیوں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ نیب سندھ میں جائے تو سب ٹھیک کا راگ الاپا جاتا ہے اور پنجاب میں جائے تو پھر اعتراضات شروع ہوجاتے ہیں۔ پنجاب کے حکمران نیب کے اختیارات سے کیوں ڈر رہے ہیں، پنجاب میں نیب کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس کی دم پر کس کا پاؤں ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے لئے سندھ حکومت کا دیا ہوا نام منظور ہوا ہے ہم نے ہی اے ڈی خواجہ کا نام دیا تھا۔ آئی جی سندھ کی تعیناتی قانون کی بالا دستی ہے اور امید ہے کہ اے ڈی خواجہ سندھ کے حالات میں مزید بہتری لائیں گے۔