چیف سلیکٹر وضاحتیں دینے کے لئے کمیٹی کے سامنے پیش

دیگر سلیکٹرز سے بھی بات چیت، میٹنگ میں یونس خان اور مصباح شریک نہ ہوئے


Sports Reporter March 16, 2016
ناکامیوں کاذمہ دار سلیکشن کمیٹی اورپلیئرزکی فٹنس کوقراردینے کی تیاری مکمل فوٹو : فائل

ایشیاکپ میں بدترین شکست کی وجوہات جاننے کیلیے قائم کمیٹی ادھوری رہ گئی،یونس خان پہلے ہی معذرت کرچکے تھے، بیرون ملک ہونے کی وجہ سے مصباح الحق بھی دستیاب نہ ہوسکے، دوسرے اجلاس میں چیف سلیکٹر ہارون رشید وضاحتیں دینے کیلیے پیش ہو گئے، دیگر ارکان نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین شکستوں پر اٹھنے والے تنقید کے طوفان کو روکنے کیلیے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی تھی، گزشتہ ہفتے پہلے اجلاس میں صرف کام کا طریقہ کار طے کرتے ہوئے ان آفیشلز اور ماہرین کی فہرست تیار کی گئی جنھیں کال کیا جانا تھا، یونس خان نے کسی متنازع صورتحال سے بچنے کیلیے کمیٹی کا حصہ بننے سے معذرت کرلی تھی، گزشتہ روز کے اجلاس میں بیرون ملک ہونے کی وجہ سے مصباح الحق بھی شریک نہ ہوسکے۔

یوں ادھوری کمیٹی کے صرف 3 ارکان پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم ہی موجود تھے،اس دوران چیف سلیکٹر ہارون رشید اور ان کے معاون ارکان نے الگ الگ اپنا بیانات ریکارڈ کرائے، تحقیقاتی کمیٹی نے ان سے کھلاڑیوں کی سلیکشن کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور پر سوالات بھی کیے۔

اگلے ہفتے تیسری میٹنگ میں سابق کرکٹرز سمیت مختلف افراد سے بات چیت کرکے شکستوں کا اسباب جاننے کی کوشش ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکامیوں کا ذمہ دار سلیکشن کمیٹی اور کھلاڑیوں کی فٹنس کو قرار دینے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے،اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ ورلڈ ٹوئنٹی 20کے بعد شروع ہوگا۔