اولڈ سٹی ایریا میں سیکیورٹی پلان پر تاحال عمل نہ ہوسکا

50فیصد سے زائد تاجر قرض کی دلدل میں بری طرح پھنس چکے، جمیل پراچہ.


Business Reporter November 12, 2012
50فیصد سے زائد تاجر قرض کی دلدل میں بری طرح پھنس چکے، جمیل پراچہ. فوٹو: فائل

کراچی میں بدامنی اور بھتا خوری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اولڈسٹی ایریا کے لیے مجوزہ سیکیورٹی پلان پر تاحال عمل درآمد شروع نہیں ہوسکا۔

کراچی چیمبر سمیت کراچی تاجر اتحاد اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کے الٹی میٹم کے بعد ہونے والے مذاکرات میں انتظامیہ نے اولڈسٹی ایریا میں 500 اہلکار تعینات کرنے، حساس گلیوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کرنے اور چیک پوسٹس کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس کے چییئرمین جمیل احمد پراچہ نے صورتحال کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے میٹھا در اور کھارادر تھانوں کے اچانک دورے میں متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کی معطلی کو ناکافی اور صورتحال کا ذمے دار آئی جی اور ڈی آئی جی قراردیتے ہوئے دونوں اعلیٰ افسران کو تبدیل کرنیکا مطالبہ کیا ہے، جمیل احمد پراچہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعہ کے روز متعلقہ علاقے کے اے ایس پی نے رابطہ کرکے نفری میں اضافے کی اطلاع دی تھی تاہم نفری میں اضافہ عمل میں نہ آسکا، اولڈ سٹی ایریا کے مخیر تاجر متاثرہ تاجروں کی مدد کررہے ہیں لیکن 50فیصد سے زائد تاجر قرض کی دلدل میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔