عاقب جاوید کو ہیڈ کوچ بنانے کی خواہش دم توڑنے لگی

درخواستوں کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، غیر ملکی کوچ کا نام فائنل ہوچکا، سابق فاسٹ بولر


Sports Reporter April 10, 2016
درخواستوں کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، غیر ملکی کوچ کا نام فائنل ہوچکا، سابق فاسٹ بولر۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی عاقب جاوید کو ہیڈ کوچ بنانے کی خواہش دم توڑنے لگی، ذرائع کے مطابق حکام انھیں درخواست دینے کیلیے آمادہ نہیں کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق عاقب جاوید کچھ عرصے قبل تک ہیڈ کوچ وقار یونس کا خلا پُر کرنے کیلیے مضبوط امیدوار تھے، مگر پھر کوچ فائنڈنگ کمیٹی میں شامل وسیم اکرم اور رمیز راجہ کی جانب سے کسی غیر ملکی کو ترجیح دینے کی اطلاعات سامنے آنے پر انھوں نے درخواست دینا گوارا نہیں کیا۔

ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر نے کہاکہ ہیڈ کوچ کی پوسٹ کیلیے درخواستوں کا صرف ڈرامہ رچایا جا رہا ہے پی سی بی نے جو کمیٹی بنائی اس نے غیر ملکی کوچ کا نام فائنل کرلیا ہے، اس لیے درخواست دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پی سی بی نے پہلے بھی ایسے ہی کیا تھا، جب ڈیو واٹمور کو رکھا گیا تو بورڈ کے پاس 10 درخواستیں تھیں لیکن غیر ملکی کو ترجیح دی گئی۔

یو اے ای کے موجودہ کوچ نے اس امکان کو یکسر مسترد کردیا کہ وہ ہیڈ کوچ کے لیے درخواست دیں گے، انھوں نے کہا کہ بورڈ حکام بار بار رابطہ کرتے اور آفرز کرتے ہیں لیکن عہدہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے میری فیملی کی طرف سے بھی دباؤ ہے کہ درخواست نہ دوں۔بعد ازاں ایک الگ انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ میں یو اے ای کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کررہا ہوں، اب پی سی بی کی ملازمت کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اس معاملے کو چھوڑ کر زندگی میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔

مقبول خبریں