غیرملکی پلیئرز پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں جہانگیرخان

ملک میں بڑے ایونٹس کا انعقاد ہوگا، ٹیلنٹ سامنے لانے کیلیے خدمات حاضر ہیں، جہانگیر خان


Sports Reporter April 11, 2016
ملک میں بڑے ایونٹس کا انعقاد ہوگا، ٹیلنٹ سامنے لانے کیلیے خدمات حاضر ہیں، جہانگیر خان۔ فوٹو: فائل

سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہاہے کہ غیرملکی اسکواش کھلاڑیوں نے پاکستان آکرانٹرنیشنل اسکواش ایونٹس میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے.

پی این جہانگیر خان روشن خان اسکواش کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان اسکوش فیڈریشن کے تحت پی اے ایف میوزیم میں پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے گلاس کورٹ پرمصری اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان انٹرنیشنل سیریزکے کامیاب انعقاد کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان اسکواش لیگ بھی اسی کا تسلسل ہوگی، انٹرنیشنل اسکواش پلیئرز ایسوسی ایشن کی اجازت سے اس لیگ کو شایان شان انداز میں منعقد کرائیں گے، مزید براں کوشش ہے کہ پاکستان میں قیمتی اسکواش ٹورنامنٹ منعقد ہوں،بیشتر غیرملکی کھلاڑی پاکستان آکر اسکواش مقابلوں میں شرکت کے خواہاں ہیں۔

اس حوالے سے قومی فیڈریشن کے صدر اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی کاوشیں قابل قدر ہیں، میں چاہتا ہوں کہ اسلام آباد اور لاہور کی طرح کراچی میں بھی انٹرنیشنل اسکواش مقابلوں کا انعقاد ہو، ہر سال تسلسل سے ہونے والی روشن خان اوپن اسکواش چیمپئن شپ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرتی ہے، کوشش کی جائے گی کہ ماضی میں ہونے والی روشن خان ٹیم چیمپئن شپ کا دوبارہ اجرا ہو، اسکواش کورٹ میں کھیلتے ہوئے انتقال کرنے والے بڑے بھائی طورسم خان کے نام سے فیصل آباد میں اسکواش اکیڈمی نے کام شروع کردیا جبکہ ان کے نام سے جلد ہی قومی ایونٹ شروع کیا جارہا ہے۔