معذور افراد کو روزگار کیلیے قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

صدر کی ہدایت پر آئندہ سال سے عملدرآمد ہوگا،10 ارب روپے مختص ہوں گے


Staff Reporter November 14, 2012
صدر کی ہدایت پر آئندہ سال سے عملدرآمد ہوگا،10 ارب روپے مختص ہوں گے ، فوٹو : ایکسپریس ٹریبیون ، فائل

صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر وفاقی حکومت ملک بھر کے معذور افراد کو روزگار کی فراہمی کیلیے شہید بینظیر بھٹو روزگار پروگرام برائے خصوصی افراد شروع کررہی ہے۔

یہ پروگرام مارچ 2013میں شروع ہوگا ۔ اس پروگرام کی نگرانی بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام چلانے والی انتظامیہ کے سپرد کی جائیگی، اس پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد معذور افراد کو روزگارکی فراہمی کیلیے قرضے فراہم کیے جائینگے،اس پروگرام کیلیے10ارب روپے مختض کیے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹا3فیصد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس طرح وفاقی سرکاری اداروں میں معذور افراد کا کوٹا 2فیصد سے بڑھ کر5فیصد ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق معذور افراد کے روزگار پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلیے وفاقی حکومت ایک4رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے رہی ہے، جس کے سربراہ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ہونگے جبکہ کمیٹی کے دیکر ارکان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ ، سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور سیکریٹری خزانہ شامل ہونگے، اس پروگرام کی حتمی رپورٹ آئندہ ایک ماہ میں تیار کرلی جائے گی، پروگرام کی منظوری جنوری2013میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ پروگرام کا اعلان اسی ماہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کریں گے، پروگرام کے تحت ملک بھر کے تمام معذور افراد کو فارم جاری کیا جائے گا اور ان سے درخواستیںطلب کی جائیں گی،معذور افراد کو چھوٹے پیمانہ پر کاروبار شروع کرنے کیلیے ایک سے2 لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ فراہم کرے گی ان قرضوں کی واپسی آسان اقساط پر ہوگی۔