2018 کے بعد بھی ہماری ہی حکومت رہے گی ایازصادق کا دعویٰ

نا تو مسلم لیگ (ن) میں کوئی تبدیلی آرہی ہے اور نہ ہی قومی اسمبلی میں، اسپیکر قومی اسمبلی


ویب ڈیسک April 26, 2016
احتجاج ہر کسی کا حق ہے ليکن کسی کے گھر کا گھيراؤ مناسب نہيں، ایاز صادق فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی اور 2018 کے بعد بھی ہماری ہی حکومت رہے گی۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہی حکومتی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا ہے، اپوزیشن کی تنقید ایک مسلسل عمل ہے جو جاری رہے گا۔ نا تو مسلم لیگ (ن) میں کوئی تبدیلی آرہی ہے اور نہ ہی قومی اسمبلی میں، 2018 کے بعد بھی یہی حکومت رہے گی۔ سسٹم کو کچھ نہیں ہوگا، سسٹم ایسے ہی چلتا رہے گا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ترقياتی منصوبوں ميں رکاوٹ ڈالنا مناسب نہيں، اس سے ملک کا نقصان ہوگا، احتجاج ہر کسی کا حق ہے ليکن کسی کے گھر کا گھيراؤ مناسب نہيں، وہ اسپیکر ہیں اور اس حیثیت سے اسمبلی میں بحث کرانا ان کی ذمہ داری ہے، شیخ رشید کی باری آئے گی تو انہیں بھی بولنے کا موقع ملے گا۔

مقبول خبریں