دی نیوز کے گروپ ایڈیٹر شاہین صہبائی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اخبار کی پالیسی سیاسی طور پر واضح جھکاؤ رکھتی ہے۔ شاہین صہبائی کے استعفے کا متن


ویب ڈیسک May 01, 2016
اخبار کی پالیسی سیاسی طور پر واضح جھکاؤ رکھتی ہے۔ شاہین صہبائی کے استعفے کا متن، فوٹو؛ فائل

روزنامہ دی نیوز کے گروپ ایڈیٹر شاہین صہبائی نے جنگ گروپ کی قومی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی اور نواز حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ پر احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہین صہبائی اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ وہ ایسے فیصلوں کی توجیح پیش نہیں کر سکتے جو انہوں نے نہیں لیے، ایسے فیصلوں سے اخبار کی ساکھ اور ادارے کی مالی پوزیشن کوزبردست نقصان پہنچا ہے اور میں یہ اخلاقی دباؤ مزید برداشت نہیں کر سکتا۔

شاہین صہبائی کا کہنا ہے کہ اخبار کی پالیسی سیاسی طور پر واضح جھکاؤ رکھتی ہے اور غیر ضروری طور پر قومی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی پر گامزن ہے، خاص طور پر اس وقت جب ملک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایک جنگ میں مصروف ہے، ملک معاشرے کے تمام شعبوں میں کرپٹ عناصر کے خلاف برسرپیکار ہےجوکرپشن سے پیسہ لوٹ کر ریاست کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے استعفے میں مزید کہا ہے کہ اپنی شکست پر مبنی یہ پالیسیاں بناتے وقت مجھ سمیت تمام ایڈیٹرز کی رائے اور تجاویزکو مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے۔

شاہین صہبائی کا اپنے استعفے میں مزید کہنا تھا کہ شکیل الرحمن بطور ایڈیٹر انچیف آپ کا حق ہے کہ آپ جس طرح چاہیں اپنا اخبار چلائیں لیکن پیشہ ورانہ صحافیوں کے لیے ایک حد ہوتی ہے جس سے وہ آگے نہیں جا سکتے۔ میں جانتا ہوں بہت سے ایڈیٹرز میری طرح ہی سوچتے ہیں لیکن میں نے آج استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے لہذا آپ سے گزارش ہے کہ اخبار سے میرا نام ہٹا دیں۔

مقبول خبریں