اولڈ سٹی ایریاکی مارکیٹیں 89اور 10محرم کو بند رہیں گی

مارکیٹوں کا مسخ چہرہ دکھاکر گاہکوں کا رخ موڑا جارہا ہے۔


Business Reporter November 17, 2012
اولڈ سٹی ایریا کی تاجر برادری گورنر سندھ سے اپیل کرتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے سدباب میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے تاجر برادری کو عذاب سے نجات دلائیں. فوٹو: آن لائن/ فائل

اولڈ سٹی ٹریڈرز الائنس کا چیئرمین جمیل پراچہ کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس کا انعقاد، اولڈ سٹی ایریا کی 100سے زیادہ مارکیٹوں کے نمائندوں کی شرکت۔

جمیل پراچہ نے اجلاس سے خطاب میں پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چند نا عاقبت اندیش نام نہاد تاجر نمائندے مخصوص سازشی ٹولے کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کا مسخ شدہ چہرہ گاہکوں کو دکھا رہے ہیں تاکہ اولڈ سٹی ایریا کے گاہک دوسرے بازاروں کا رخ کرنے پر مجبور ہوجائیں، اصل صورتحال یہ ہے کہ گورنر سندھ اور سی پی ایل سی چیف کی مداخلت کے بعد گینگ وار ملزمان کی مداخلت اور بھتہ خوری میں کمی آئی ہے ، فی الحال مارکیٹیں کاروبار کے لیے ساز گار ماحول میں ہے۔

عوام بلا خوف و خطراولڈ سٹی ایریا کا رخ کریں،اجلاس میں موجود تاجر رہنمائوں ایوب نظامی،عالم شیخ، اسماعیل لالپوریہ ، منیم عاکف، سلیم بٹلہ ، جاوید حاجی عبد اﷲ،حنیف کاٹلیہ،خالد محمود اور دیگر نے جمیل پراچہ کے بیان کی تائید کی اور گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا نیز تمام تاجر نمائدوں نے کے ای ایس سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں لوڈ شیڈنگ سے کاروبار پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں، اولڈ سٹی ایریا کی تاجر برادری گورنر سندھ سے اپیل کرتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے سدباب میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے تاجر برادری کو عذاب سے نجات دلائیں ،تاجر رہنمائوں نے فیصلہ کیا کہ اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹیں محرم الحرام کے جلوسوں کے احترام میں 8،9 اور 10محرم کو بند رہیں گی۔