ٹیم سے باہر پلیئرزکی بھی فٹنس جانچنے کا فیصلہ

آج شروع ہونے والے ٹیسٹ میں شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی طلب


Sports Reporter May 08, 2016
آج شروع ہونے والے ٹیسٹ میں شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی طلب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کرکٹ بورڈ نے ٹیم سے باہر پلیئرز کی بھی فٹنس جانچنے کا فیصلہ کرلیا، اتوار سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کوبھی طلب کیا گیا ہے، دیگر تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو بھی رپورٹ کرنا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم رواں برس جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20میچ شیڈول ہے،چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ کے لیے 35 کرکٹرزکے ناموں کا اعلان کیا تھا، ان میں سے تینوں فارمیٹ کے اسکواڈز کا انتخاب کیا جانا ہے، ممکنہ کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی، اوپنر احمد شہزاد اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل کو شامل نہیں کیا گیا تھا، محمد حفیظ، راحت علی، عماد وسیم سمیت چند پلیئرز کی شرکت اور سلیکشن بھی فٹنس سے مشروط کی گئی تھی، پی سی بی نے ایبٹ آباد روانگی سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

یہ سلسلہ اتوار سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا جس کے لیے پلیئرز کی آمد گذشتہ شب ہی شروع ہوگئی،کیمپ سے ڈراپ ہونے والے کرکٹرز شاہد آفریدی، عمراکمل اور احمد شہزاد کو بھی طلب کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام کھلاڑیوں کو بلایاگیا ہے، اس فیصلے کا ایبٹ آباد میں شیڈول کیمپ پر براہ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یاد رہے کہ دورئہ انگلینڈ کی تیاری کے لیے ممکنہ کھلاڑی 13 مئی سے 5 جون تک پُرفضا پہاڑی مقام پر ٹریننگ کریں گے جس کے بعد اسکواڈز کا اعلان کردیا جائے گا، منتخب کرکٹرز کاتربیتی کیمپ بعد میں لگے گا۔