رمیز راجہ کو اپنے ’’انتخاب‘‘ کی کامیابی کا یقین

کوچ آرتھرکا ٹریک ریکارڈ اچھااورمطلوبہ مہارت بھی رکھتے ہیں، ممبرہنٹ کمیٹی


Sports Reporter May 08, 2016
کوئی بھی کوچ آجائے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلیے وقت درکار ہوگا،محمد یوسف۔ فوٹو: فائل

کوچ ہنٹ کمیٹی کے رکن رمیز راجہ کو اپنے ''انتخاب'' کی کامیابی کا یقین ہے، انھوں نے مکی آرتھر سے بہتر نتائج کی توقعات وابستہ کرلیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سابق پروٹیز کرکٹر کا ٹریک ریکارڈ اچھااور مطلوبہ مہارت بھی رکھتے ہیں، وقت کے ساتھ معلوم ہوجائے گا وہ کہ کتنے پانی میں ہیں، محمد یوسف نے کہاکہ آرتھر کا ماضی تھوڑا سیاسی لگ رہا ہے، پاکستان کرکٹ میں پہلے ہی اس نوعیت کے بڑے مسائل ہیں۔تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ پی سی بی کی جانب سے کوچ کے انتخاب کیلیے تشکیل شدہ 3رکنی کمیٹی میں شامل تھے۔

ایک انٹرویو میں سابق کپتان نے کہا کہ بورڈ کو جو 3نام دیے ان سے بات چیت کرکے مکی آرتھر کو منتخب کیا گیا، نئے ہیڈ کوچ سے بہتر نتائج کی توقعات وابستہ ہیں، سابق پروٹیز کرکٹر آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیموں کے کوچ رہ چکے، ان کا ٹریک ریکارڈ اچھا اور کوچنگ کی مہارت بھی رکھتے ہیں، انھیں تھوڑا وقت دینا ہوگا، وقت کے ساتھ معلوم ہوجائے گا کہ وہ کتنے پانی میں ہیں،سخت فیصلے کرنے والا شخص ہونے کے سوال پر رمیز نے کہا کہ یہ بھی وقت ہی بتائے گا کہ وہ کتنے مضبوط کوچ بن کر ابھرتے ہیں۔

سابق بیٹسمین محمد یوسف نے کہاکہ مکی آرتھر کا ماضی تھوڑا سیاسی لگ رہا ہے، آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کے ساتھ مسائل کا بھی سنا، پاکستان کرکٹ میں پہلے ہی اس نوعیت کے بڑے مسائل ہیں، اس لیے سیاسی عنصر سے کچھ ڈر لگ رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کوئی بھی کوچ آجائے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلیے وقت درکار ہوگا، اس وقت گرین شرٹس ون ڈے رینکنگ میں 9 ویں نمبر پر ہیں،صورتحال فوری طور پر کس طرح بہتر ہونے کی امید کرسکتے ہیں؟ پاکستان کرکٹ میں ڈسپلن کے معاملات درست کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے۔