تاجروں کا شہر میں سماجی خدمات کے پروگرام کا اعلان

مفت ادویات کی فراہمی کا پہلا پراجیکٹ یکم جنوری سے شروع ہوگا، مقررین


Business Reporter November 19, 2012
عتیق میر نے کہا کہ ملک میں ایسے افراد کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے جو اپنی قلیل آمدنی کے باعث اپنی زندگی امراض کے ساتھ گزارنے پر مجبور ہیں. فوٹو: فائل

آل کراچی تاجراتحاد نے شہر میں سماجی خدمات کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت مفت ادویات کی فراہمی کا پہلا پراجیکٹ یکم جنوری 2013سے شروع کیا جائے گا۔

یہ پراجیکٹ یوتھ ویلفیئر ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے شروع کیا جارہا ہے، یہ اعلانات آرٹس کونسل میں منعقدکی گئی تقریب میں کیے گئے،تقریب میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر، شرجیل گوپلانی، اکرم رانا، عبدلغنی اخوند، انصار بیگ قادری اور یوتھ ویلفیئرڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر امتیاز علی، جنرل سیکریٹری راحیل نفیس، فاطمہ ثریا بجیا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے فری موبائل میڈیکل اسٹورکے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

اس موقع پر یوتھ ویلفیئر ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا،فاطمہ ثریا بجیا نے اس کارِ خیر میں قدم بہ قدم ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انور مقصود کا ایک اور اپنے تحریرکردہ پانچ اسٹیج ڈراموں کے حقوق اس کارِخیرکیلیے وقف اور ان کی تمام آمدنی عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔

عتیق میر نے کہا کہ ملک میں ایسے افراد کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے جو اپنی قلیل آمدنی کے باعث اپنی زندگی امراض کے ساتھ گزارنے پر مجبور ہیں،غریبوں کی مدد کرینگے، راحیل نفیس نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منصوبے کی کامیابی اور اسے مستحقین کیلیے مفید تر بنانے کیلیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرینگے،اس موقع پر نفیس احمد، طارق ممتاز، شاہد شمسی، ناصر جمال،سید شرافت علی، سید محمد سعید ، حنیف ستار، ارشاد احمد، عبدالقادر، طیب علی، زبیر علی خان ، حبیب احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔