پی ایس ایل ’’ٹرانسفر ونڈو‘‘ 20 جون سے کھل جائے گی

فرنچائزز اگست تک پلیئرزکے تبادلوں سمیت فیصلے کرنے کے بعد انتظامیہ کو مطلع کرینگی


Sports Reporter May 22, 2016
فرنچائزز اگست تک پلیئرزکے تبادلوں سمیت فیصلے کرنے کے بعد انتظامیہ کو مطلع کرینگی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کیلیے کرکٹرز کی خریدو فروخت 20 جون سے شروع ہوگی، فرنچائزز اگست تک کھلاڑیوں کے تبادلوں سمیت دیگر فیصلے کرنے کے بعد انتظامیہ کے علم میں لائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کیلیے کرکٹرز کے مستقبل کا تعین کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، فرنچائزز یہ فیصلہ کرنے کیلیے آزاد ہیں کہ وہ پہلے ایونٹ میں خریدے گئے اپنے کسی کھلاڑی کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں یا اس کو خیرباد کہہ دیں، یاد رہے کہ قواعد کے تحت فرنچائز سے فارغ کیے جانے والے کرکٹر کا دوسری ٹیم میں شامل کھلاڑی سے تبادلہ ہوسکتا ہے، دوسری صورت میں اس کو ڈرافٹ پلیئرز کی فہرست میں دوبارہ شامل کرلیا جائیگا، اس مرحلے میں کسی کی نظر انتخاب کا مستحق نہ ٹھہرا تو خالی ہاتھ گھر جانا ہوگا۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' کی رپورٹ کے مطابق ٹرانسفر ونڈو 20جون سے کھل جائیگی،اس دوران فرنچائزز کھلاڑیوں کی خریدو فروخت اور تبادلے کرسکیں گی، ٹیموں اور پلیئرز میں معاہدے اگست تک مکمل کرنے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ کے علم میں لائے جائینگے تاکہ ان کی رسمی تصدیق کی جاسکے، کھلاڑیوں کو ادا کیے جانے والے معاوضوں میں بھی 5 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد ایک ٹیم اپنے اسکواڈ کیلیے کرکٹرز کی خریداری پر 12لاکھ ڈالر تک خرچ کرسکے گی۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ فرنچائز مالکان کا ڈرافٹ سسٹم میں تبدیلی پر اصرار برقرار ہے، وضع کردہ پالیسی کے مطابق اولین ایونٹ میں آخری پوزیشن پر رہنے والی فرنچائز لاہور قلندرز کو سب سے پہلے مختلف کیٹیگریز کے کھلاڑی منتخب کرنے کا حق حاصل ہوگا جبکہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر آخر میں آئیگا، فرنچائز کا کہنا ہے کہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی طرز پر ناکام ترین ٹیم کوصرف پہلے راؤنڈ میں ترجیح دینا چاہیے، اگلے مرحلوں میں باری باری مواقع دیے جائیں۔