پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت میں شیر بن کر کھیلے اقبال قاسم

پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، جو تن تنہا کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر سکتے ہیں۔


Numainda Express November 21, 2012
قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شکست کے صدمے سے باہر آنا ہوگا، اقبال قاسم ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے کہا ہے کہ دورہ بھارت سے قبل پاکستان ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے صدمے سے باہر آنا اور بھارت میں '' شیر'' بن کر کھیلنا ہوگا۔

نیاز اسٹیڈیم میں انٹر ڈسٹرکٹ ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی حیدرآباد سینئر و جونیر ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، جو تن تنہا کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر سکتے ہیں، لیکن بھارت کی بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے۔

انھوںنے کہا کہ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور گزشتہ 6 برسوں میں یہاں کرکٹ کو کافی ترقی ملی ہے، اندورن سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی محکمہ جاتی کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں اور ان کی کارکردگی ایسی رہی تو یہ بھی پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کے تحت آئندہ سال حیدرآباد میں انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا بھی اعلان کیا۔