کاروباری علاقوں میں نائٹ ویژن کیمرے نصب کیے جائینگے

ٹاور سے پی آئی بی کالونی تک شہر کو 8زونز میں تقسیم کردیاگیا، احمد چنائے۔


Business Reporter November 21, 2012
ٹاور سے پی آئی بی کالونی تک شہر کو 8زونز میں تقسیم کردیاگیا، احمد چنائے. فوٹو: فائل

شہر کے تجارتی مراکز اور اہم کاروباری علاقوں میں نائٹ ویژن کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

گورنر سندھ کی ہدایت پر مرتب کیے گئے سکیورٹی پلان کے تحت ٹاور سے پی آئی بی کالونی تک شہر کو 8زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ہر زون میں 60سے 70 کیمرے نصب کیے جائیں گے، سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی )کے چیف احمد چنائے نے ٹمبر مارکیٹ کے دورے کے موقع پر ایکسپریس کو بتایا کہ کاروباری مراکز کو 8زون میں تقسیم کرکے جدید کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ نظام اور کمیونٹی پولیسنگ کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل، شہید ملت روڈ، جیل چورنگی، پی آئی بی کالونی تک اہم بازاروں اور کمرشل علاقوں کو سیکیورٹی نظام کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا، ان علاقوں میں جدید طرز کے کیمرے نصب کیے جائیں گے جن میں دن کے علاوہ رات میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت ہوگی موجودہ کیمرے اپنی پشت پر ہونے والی حرکات کو محفوظ نہیں کرسکتے، نئے کیمرے وائڈ اینگل کیمرے ہوں گے۔