پی سی بی خسارے کے بجٹ کی آج منظوری دی جائے گی

گورننگ بورڈکے اجلاس میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر غور ہوگا


Sports Reporter June 11, 2016
شہریار خان کی بطور چیئرمین پی سی بی آخری میٹنگ ثابت ہوگی، ذرائع کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا،آئندہ مالی سال کے لیے خسارے کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی جس میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر غور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا 41واں اجلاس ہفتے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو رہا ہے، صدارت چیئرمین شہریار خان کرینگے، اس موقع پر آئندہ مالی سال کیلیے خسارے کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی، ملازمین کی تنخواہوں میں بھی5سے 12فیصد اضافے پر غور ہوگا، رواں سال کے تیسرے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کو کمپنی بنانے سمیت ڈائریکٹرزکے تقررکی بھی منظوری دی جائے گی،اراکین ہیڈکوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر کی تعیناتیوں،کرکٹ کمیٹی اور ایچ آر کمیٹی کی تشکیل کے فیصلوں کی توثیق کریں گے، کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا،گیم ڈیولپمنٹ اور ایچ آر کمیٹی کی رپورٹس پر بات ہوگی۔

اراکین کو کاکول اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے نتائج اور دورئہ انگلینڈ کیلیے قومی ٹیم کی تیاری سے آگاہ کیا جائے گا، واضح رہے کہ شہریار خان کا بطور چیئرمین پی سی بی گورننگ بورڈ کا یہ آخری اجلاس تصور کیا جا رہا ہے، سابق سفارتکار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سالانہ چھٹیوں پر انگلینڈ جا رہے ہیں، جہاں وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ میچز بھی دیکھیں گے، ان کی کھلاڑیوں سمیت ٹیم آفیشلز سے ملاقاتیں بھی ہونگی، اطلاعات ہیں کہ وہ اس ٹور کے بعد پی سی بی کی سربراہی چھوڑ دیں گے۔