’’82‘‘ ناٹ آؤٹ شہریار کو اننگز جاری رکھنے کیلیے گرین سگنل

لندن میں موجود وزیر اعظم نواز شریف نے بطور چیئرمین پی سی بی اگست میں عہدہ چھوڑنے کے بجائے کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی


Sports Reporter June 25, 2016
پیٹرن سے ملاقات میں بورڈ کے سربراہ نے چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ، ڈائریکٹر اکیڈمیز کی تقرریوں کا بتایا،مینجمنٹ میں مختلف تبدیلیوں اورمقاصد سے بھی آگاہ کیا فوٹو: فائل

82 سالہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو اننگز جاری رکھنے کیلیے گرین سگنل مل گیا، لندن میں موجود وزیر اعظم نواز شریف نے اگست میں عہدہ چھوڑنے کے بجائے کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی، یہ دعویٰ بھارتی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کیا۔

بورڈ کے سربراہ نے چیف پیٹرن سے ملاقات میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر کی تقرری سمیت مینجمنٹ میں مختلف تبدیلیوں اور ان کے مقاصد سے آگاہ کیا،قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلیے طویل اور مختصر مدت کے منصوبوں کا بتایا، قومی ٹیم کی انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلیے تیاریوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے بارے میں یہ اطلاعات زیرگردش رہیں کہ انھوں نے ذمہ داری2سال کیلیے سنبھالی تھی اور اگست میں عہدہ چھوڑ سکتے ہیں۔

ان کی جگہ نجم سیٹھی چیئرمین بنیں گے، بورڈ کے سربراہ سالانہ تعطیلات کیلیے پیر کو انگلینڈ روانہ ہوئے تو قیاس آرائیاں ہوئیں کہ اب دوبارہ اپنی مسند نہیں سنبھالیں گے،تاہم ایک بھارتی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیاکہ شہریار خان کی لندن میں موجود وزیر اعظم اور بورڈ کے چیف پیٹرن نواز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں انھیں ہدایت دی گئی کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے بعد کرکٹ امور پر تفصیلی بات چیت کی، انھیں چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر کی تقرری سمیت مینجمنٹ میں مختلف تبدیلیوں اور ان کے مقاصد سے آگاہ کیا،کارکردگی میں بہتری کیلیے طویل اور مختصر مدت کی پلاننگ کے بارے میں بھی بتایا، قومی ٹیم کی انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلیے تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے شہریارخان کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بدستور اپنے فرائض ادا کرتے رہنے کیلیے کہا، چیئرمین کی جانب سے رضامندی کا اظہار کیا گیا جس کے بعد ان کے مستقبل پر چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے اور وہ اگست کے بعد بھی اپنے عہدے پر فائز رہیں گے، دوسری جانب رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیاکہ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اس فیصلے کو قبول کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق سابق سفارتکار قومی ٹیم کی پے درپے شکستوں پر ہونے والی تنقید سے دلبرداشتہ تھے لیکن وزیر اعظم کی طرف سے اعتماد کا ووٹ حاصل ہونے کے بعد ان کیلیے عہدے پر برقرار رہنے کا فیصلہ آسان ہوگیا، یاد رہے کہ شہریار خان اپنے لندن میں قیام کے دوران 27جون کو شیڈول آئی سی سی اجلاس میں بھی شریک ہونگے، ملک کے پہلے جمہوری چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی 3سالہ معیاد اگست 2017 میں ختم ہوگی۔

مقبول خبریں