توانائی کے بحران سے بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ

نئی صنعتکاری اورصنعتوں کےتوسیعی منصوبے رک گئے ہیں،صورتحال کےباعث پاورجنریشن مشینری کی درآمدمیں اضافہ ہوا،مہتاب الدین.


Ehtisham Mufti November 25, 2012
ملک میں جاری توانائی کابحران بے روزگاری کی شرح بڑھانے کا باعث بن گیا ہے. فوٹو: فائل

ملک میں جاری توانائی کابحران بے روزگاری کی شرح بڑھانے کا باعث بن گیا ہے، صنعتی شعبے نے بدامنی کا الزام یوٹیلٹیز سپلائرکمپنیوں کے سرڈالتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ مطلوبہ مقدار میں یوٹیلٹیز کی عدم فراہمی بے روزگاری اوربدامنی میں اضافے کا باعث بن گئی ہے۔

صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بدامنی اور بے روزگاری بڑھانے میں بجلی،پانی اور قدرتی گیس فراہم کرنے والے اداروںکا اہم کردار ہے ، ٹاولز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مہتاب الدین چائولہ نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں یوٹیلٹی کے بحران میں کمی کے بجائے مستقل اضافے کا رحجان غالب ہے اور یوٹیلٹی فراہم کرنے والی کمپنیاں اور نیم سرکاری ادارے ٹھوس اقدامات بروئے کار لانے کے بجائے طویل دورانیے سے ہفتہ وار ناغوں، لوڈشیڈنگ اور سپلائی بند کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں جس کی وجہ سے صنعتوں کی پیداواری استعداد 50 فیصد سے بھی گھٹ گئی ہے اور لامحالہ ان صنعتوں میں کام کم ہونے کے باعث ورکروں کی تعداد بھی گھٹائی جارہی ہے۔

11 ماہ کے دوران ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی کے پانچوں صنعتی زونز میں بھی بے روزگاری کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہی عوامل کراچی میں نہ ختم ہونے والی بدامنی کا باعث ہیں، مہتاب چائولہ نے بتایا کہ ذاتی سرمائے سے چلنے والی چھوٹی ودرمیانی درجے کی بیشترصنعتیں یوٹیلٹی بحران اور بدامنی کی تاب نہ لاتے ہوئے بند ہوچکی ہیں اور کچھ بندش کی جانب گامزن ہیں جبکہ بینکوں سے قرضے حاصل کرنے والی صنعتیں جاری حالات کی وجہ سے نادہندگی کے دہانے پر ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی میں نئی صنعتکاری اور صنعتوں کے توسیعی منصوبے رک گئے ہیں جس کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل مشینری کے بجائے پاورجنریشن مشینری کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ ہوا،انھوں نے صدرمملکت آصف زرداری، وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو تجویز دی کہ وہ بدامنی اور بے روزگاری کے اہم اسباب کا فوری احاطہ کرنے کی غرض سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی نمائندہ تنظیموں، کوآن بورڈ لیتے ہوئے انقلابی نوعیت کے ہنگامی اقدامات بروئے کار لائیں۔

مقبول خبریں