دورہ انگلینڈ وسیم کو پاکستانی بیٹنگ کی فکر ستانے لگی

ان کنڈیشنز میں بیک فٹ پر کھیلنے والے کامیاب نہیں ہوں گے، سابق کپتان


Sports Reporter July 11, 2016
ان کنڈیشنز میں بیک فٹ پر کھیلنے والے کامیاب نہیں ہوں گے، وسیم اکرم۔ فوٹو: فائل

وسیم اکرم کوپاکستانی بیٹنگ کی فکر ستانے لگی، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بیک فٹ پر کھیلنے والے بیٹسمین کامیاب نہیں ہوسکیں گے، مہمان ٹیم کی بولنگ میں اتنی جان ہے کہ میزبان ٹیم کو پریشان کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے محمد عامر کے بارے میں کوئی تشویش نہیں، امید ہے کہ مسائل کے باوجود پیسر اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے، فکر کی بات پاکستانی بیٹنگ خاص طور پر ٹاپ آرڈر ہے، انگلینڈ کی کنڈیشنز میں میزبان بولرز کی گیندیں بہت زیادہ سوئنگ ہوں گی، پہلے ٹیسٹ میں جیمز اینڈرسن کی عدم دستیابی کے باوجود بیٹنگ آسان نہیں ہوگی، بیک فٹ پر کھیلنے والا کوئی بھی بیٹسمین یہاں کامیاب نہیں ہوسکتا، کبھی آگے۔

کبھی پیچھے کھیلنے کا غیر فیصلہ کن انداز اختیار کرنے والے کو بھی مشکلات ہوتی ہیں۔ پاکستان کی بولنگ اچھی ہے، بیک فٹ پرکھیلنے والے گیری بیلنس کیلیے بڑی پریشانی پیدا کرسکتے ہیں، میری خواہش ہے کہ مہمان بولرز 3سلپ اور ایک گلی فیلڈرز کیساتھ آگے گیندیں کرتے ہوئے میزبان بیٹسمینوں کو ڈرائیو کھیلنے پر مجبور کریں، بال کے بیٹ کا کنارہ چھوکرجانے اور وکٹ حاصل کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

امید ہے کہ پاکستان ٹیم نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہوگا اور بولرز کنڈیشنز کا بہتر انداز میں استعمال کرنے میں کامیاب ہونگے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ سیریز میں پچز سے قطع نظر محمد عامر کیساتھ یاسر شاہ کا کردار بھی اہم ہوگا، ماضی میں وقار یونس، شعیب اختر اورمیں خود چھوٹے اسپیل کرتے اور ہمیں ثقلین مشتاق تازہ دم ہونے کیلیے اچھا وقفہ فراہم کردیتے تھے۔