فیکٹری سیل کرکے مقدمات درج کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہےفارماسوٹیکل ایسوسی ایشن

کچھ بھی ہو حتمی رپورٹ آنے تک ہماری پگڑیاں نہ اچھالی جائیں، پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن


ویب ڈیسک November 28, 2012
یا تو لوگوں نے سیرپ کا زیادہ استعمال کیا ہے یا پھر اس کے ساتھ کوئی اور دوا استعمال کی ہے ۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے لاہور ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ ادویات کے نمونوں کی رپورٹ آنے تک کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی ،اس لئے فیکٹری سیل کرکے قتل کے مقدمات درج کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔

لاہور میں پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین سلیم اقبال نے سابق چیئرمین ذکاء الرحمان اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریکو کمپنی 1978 سے ٹائنو سیرپ بنارہی ہے لیکن آج تک ایسی شکایت نہیں دیکھنے میں آئی جبکہ ملک بھر میں اس کی ماہانہ پونے تین لاکھ بوتلیں بکتی ہیں ۔

سلیم اقبال کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر ٹائنو سیرپ کے زیادہ استعمال سے اموات ہوئی ہیں ، ابھی نمونہ جات کے ٹیسٹوں کی رپورٹ نہیں آئی اور اس سے پہلے ہی فیکٹری سیل کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یا تو لوگوں نے سیرپ کا زیادہ استعمال کیا ہے یا پھر اس کے ساتھ کوئی اور دوا استعمال کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کچھ بھی ہو حتمی رپورٹ آنے تک ہماری پگڑیاں نہ اچھالی جائیں البتہ ریکو فارما سوٹیکل کمپنی کو لوگوں کی اموات پر افسوس ہے ۔