رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد ہوئی لیکن معلوم نہیں پیسے کس نے دیئےڈاکٹرسعید

ڈاکٹروں کے قاتلوں کی گرفتاری اورڈاکٹروں کی جانب سے تاوان کی مد میں دی گئی رقم کی واپسی تک ہڑتال جاری رہے گی،پی ایم اے


ویب ڈیسک November 28, 2012
ڈاکٹر سعید حکومت کی کوششوں سے بازیاب ہوئے ۔،سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ فوٹو:ایکسپریس نیوز

ڈاکٹرسعید کا کہنا ہے کہ رہائی تاوان کے بدلے ہوئی لیکن یہ نہیں معلوم کہ پیسے کس نے دیئے۔

ڈاکٹر سعید کو نامعلوم افرادنے 16 اکتوبر کو سریاب کے علاقے سے اغوا کیا تھا۔ جس کے 43 روز بعد وہ گھر پہنچ گئے ہیں۔ ڈاکٹر سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ڈاکٹروں کےساتھ ایسا سلوک نہیں ہوتا۔ ان کی رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ تاہم رقم کس نے ادا کی یہ معلوم نہیں۔

ڈاکٹرسعید نے کہا کہ بازیابی کی کوششوں پر وہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے شکرگزارہیں ۔ ادھرسیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر سعید حکومت کی کوششوں سے بازیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پی ایم اے کے صوبائی صدرڈاکٹرسلطان ترین نے ڈاکٹرسعید سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومت ڈاکٹروں کے قاتلوں کو گرفتار اوران ڈاکٹروں کو رقم کی ادائیگی نہیں کرتی جوانہوں نے اپنی رہائی کے عوض اغواکاروں کو تاوان کی مد میں دی تھی ہڑتال جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ سرکاری اسپتالوں میں تقریباً ڈیڑھ ماہ سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دوسرے ڈاکٹرز کی جانب سے ممتاز ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید احمد کے اغواکے خلاف ہڑتال کررکھی ہے۔