بھارتی میڈیا میں ماں بننے کی خبروں پر کرینہ کپور آپے سے باہر

میرے ماں بننے کی خبر کو میڈیا میں قومی سانحے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، کرینہ کپور


ویب ڈیسک July 18, 2016
کرینہ کپور کے ہاں رواں برس کے آخر میں نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ ہو یا کسی دوسرے ملک کی فلمی صنعت، شوبز سے وابستہ ہر شخص ہی خود کو لوگوں میں مشہور رکھنے کے لیے میڈیا کا سہارہ لیتا ہے لیکن میڈیا کی بڑھتی ہوئی دخل اندازی ان کی ذاتی زندگی کو اجیرن بھی بنادیتی ہے ایسا ہی آج کل بالی ووڈ میں بیبو کے نام سے مشہور اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ بھی ہورہا ہے جو رواں برس کے آخر میں ماں بننے والی ہیں لیکن اس حوالے سے پیش کی جانے والی خبروں سے وہ آپے سے ہی باہر ہوگئی ہیں۔

بھارتی ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ وہ ماں بننے والی ہیں اور کسی بھی عورت کا ماں بننا اس کائنات کی سب سے عام بات ہے، لیکن بھارتی میڈیا ان کے ماں بننے کو اس طرح پیش کررہا ہے جیسے یہ ایک قومی سانحہ ہے یا پھر کوئی بڑی شخصیت مر گئی ہے۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ شادی یا خاندان کی وجہ سے ان کے کیرئیر پر کوئی منفی اثر نہیں پڑ رہا، وہ رواں برس کے اختتام تک 18 مختلف مصنوعات کی تشہیری مہم کا حصہ بنیں گی جب کہ رواں برس کے آخر میں ایک فلم کی عکس بندی میں بھی شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے بھارتی میڈیا میں کرینہ کے ماں بننے کی خبریں گرم ہیں تاہم چند روز قبل ان کے شوہر سیف علی خان نے تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں رواں برس کے آخر میں نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

مقبول خبریں