دورہ بھارت انضمام ایک ہفتے تک پلیئرز کی رہنمائی کرینگے

تکنیک میں بہتری ممکن نہیں مگر ذہنی طور پر تیار کرنے کی کوشش کروں گا، سابق قائد


Sports Desk November 30, 2012
آئی سی سی امپائر علیم ڈار پر تنقید کرنے والے شین وارن کے خلاف کارروائی کرے، انضمام الحق فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق دورئہ بھارت سے قبل ایک ہفتے تک قومی کرکٹرز کی رہنمائی کریں گے۔

انھوں نے یہ بات ایک انٹرویو میں بتائی، انھوں نے آئی سی سی سے امپائر علیم ڈار پر تنقید کرنے والے شین وارن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،سابق اسٹار نے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ آفیشلز پر اعتراضات کے بجائے اپنے بورڈ کو ڈی آر ایس پر راضی کریں۔

تفصیلات کے مطابق بیٹنگ لائن کو درپیش مسائل میں کمی لانے کیلیے انضمام الحق نے بیٹسمینوں کی رہنمائی پر آمادگی ظاہر کی تھی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پی سی بی نے مجھے ٹیم کے دورئہ بھارت کیلیے سات روزہ کوچنگ کیمپ میں مدعو کیا ہے، میں سات دنوں میں زیادہ کچھ بھی نہیں کرسکتا، میرے لیے بیٹسمینوں کی تکنیک بہتر کرنا ممکن نہیں مگر انھیں بھارت سے مقابلوں کیلیے ذہنی طور پر تیار کرنے کی کوشش کروں گا۔ انضمام نے دورہ جنوبی افریقہ کیلیے بیٹنگ کوچ کے تقرر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دریں اثنا سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوران علیم ڈار کی امپائرنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ جس انداز میں وارن نے علیم ڈار کو ٹارگٹ کیا وہ مجھے سستی شہرت حاصل کرنے کا طریقہ دکھائی دیتا ہے، وہ اس طرح کی چیزوں سے بھارتیوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کو شین وارن کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، میں نے اپنے پورے کیریئر میں علیم سے بہتر امپائر نہیں دیکھا۔ انضمام نے دھونی کو مشورہ دیا کہ وہ امپائرز پر اعتراضات کے بجائے اپنے بورڈ کو یوڈی آر ایس کے استعمال پر راضی کریں، انھوں نے آئی سی سی سے بھی کہا کہ وہ ٹیکنالوجی کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے لازمی قرار دیدے۔